سٹیفن ہاکنگ -- فوٹو -- وکی میڈیا کامنز
سٹیفن ہاکنگ -- فوٹو -- وکی میڈیا کامنز --.

ہمارے بچپن میں صرف ایک پی ٹی وی ہی ہوا کرتا تھا جس کے واحد چینل پر ہم بصیرت سے لیکر فرمان الٰہی تک سارے پروگرام دیکھا کرتے تھے۔

رات گئے اکثر 'راگ رنگ' کے نام سے کلاسیکی موسیقی کا ایک پروگرام نشر ہوتا تھا. کلاسیکی موسیقی سے شغف نہ رکھنے کے باوجود ہم بھی وہ پروگرام دیکھ لیتے کیوں کہ دوسرا چینل دیکھنے کی کوئی سہولت میسر نہیں تھی۔

راگ رنگ شروع ہوتے ہی ہماری امّاں ہمیشہ کچھ نہ کچھ بڑ بڑا تے ہوئے ٹی وی کے سامنے سے اُٹھ جایا کرتی تھیں۔ ایک دن وجہ پوچھنے پر پہلے تو انہوں نے ان بزرگ گائیکوں کو خوب صلواتیں سنائیں پھر کہنے لگیں "ذرا ان کی عمریں دیکھو۔ ابھی بھی یہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آتے حالانکہ ان کو چاہئے کہ اپنی باقی ماندہ عمر عبادت میں گزاریں، نفلی روزے رکھیں اور نمازیں پڑھیں۔ لیکن ان کو نہ تو اللہ کا کوئی خوف ہے نہ ہی قیامت کا۔ تبھی تو ان خرافات میں گرفتار ہیں اورجب بھی دیکھو موسیقی کے نام پر منہ سے عجیب و غریب آوازیں نکالتے رہتے ہیں"

مجھے سالوں پہلے کہی ہوئی امّاں کی یہ باتیں بار بار یاد آتی ہیں۔ اس وقت بھی جب کسی ٹی وی چینل پر کسی ایسے احمق شخص کو دیکھتا ہوں جو ایمیزون کے کسی دورافتادہ مقام پر مگر مچھوں کی کسی معدوم ہوتی ہوئی نسل پر تحقیق کر رہا ہوتا ہے اور تب بھی جب کوئی بے وقوف خاتون اپنا گھر بار چھوڑ کے اینا کونڈا کی تلاش میں دنیا کے کسی گمنام گوشے میں ننگے پاؤں کیچڑ میں گھومتی نظر آتی ہے۔

امّاں کی وہ باتیں ہر ایسے لمحے میں میرے دماغ میں گونجتی ہیں جب میں کسی کو پاگلوں کی طرح سمندر کی تہہ میں کچھ کھوجتے ہوئے یا مچھلیوں کی عادات سے متعلق تحقیق کے نام پر وقت ضائع کرتے دیکھتا ہوں یا جب کچھ خبطی لوگ چیونٹیوں، چمگادڑوں، چھپکلیوں،سانپوں اور دیگر جانوروں یا پرندوں اور حشرات الارض کی تلاش میں بیابانوں، پہاڑوں، غاروں اور جنگلوں کی خاک چھانتے دکھائی دیتے ہیں۔

مجھے ایسے لوگوں کے ان فضول مشاغل پر ہمیشہ حیرت ہوتی ہے اور ان کی بے عقلی پر ماتم کرنے کو دل چاہتا ہے۔ انتہائی افسوس ہوتا ہے کہ یہ کیسے لوگ ہیں جو اپنی زندگی کے بہترین ایّام اللہ کی عبادت میں صرف کرنے کے بجائے ان فضول اور واہیات کاموں میں ضائع کرتے ہیں؟

مجھے امّاں کی کہی ہوئی وہ باتیں اس وقت کچھ زیادہ ہی شدت سے یاد آتی ہیں جب میں اسٹیفن ہاکنگ  کے بارے میں کوئی ڈاکومنٹری دیکھتا ہوں۔ وہی اسٹیفن ہاکنگ جو بولنے بلکہ لب ہلانے سے بھی قاصر ہے۔ منہ سے رال ٹپکتی رہتی ہے جسے وہ صاف کرنے پر بھی قادر نہیں۔ ہاتھ پیر ہلانے سے معزور اور کھانا کسی نرس کے ہاتھوں کھانے پر مجبور ہے، لباس بھی نرس ہی تبدیل کرتی ہے۔ یقینا دیگر ضروری کاموں کے لئے بھی وہ کسی کا محتاج رہتا ہوگا لیکن زرا اس کے کرتوت دیکھیں کہ اس حالت میں بھی وہ اللہ اللہ کرنے کے بجائے کائنات کی گتھیوں کو سلجھانے کی ناکام کوششوں میں اپنا وقت ضائع کر رہا ہے۔ حالانکہ اسے اپنے بے چارگی کے یہ ایّام عبادات میں گزارنے چاہئے، توبہ استغفار کرنی چاہئے اور اللہ سے رو رو کر اپنے لئے صحت کی دعائیں مانگنی چاہئے۔ اسے چاہئے کہ اپنی آخرت سنوارنے کی خاطر کسی مولوی سے رہنمائی حاصل کرے جو اسے نہ صرف قیامت کے عذاب سے بچنے کے تیر بہ ہدف نسخے بتا دے گا بلکہ انتہائی آسانی سے کائنات کے مکمل اسرارو رموز بھی سمجھا دے گا ۔

یہ بات میں پورے وثوق سے اس لئے کہہ سکتا ہوں کیوں کہ بچپن میں سکول کی چھٹیوں کے دوران دیگر بچوں کی طرح میں بھی دینی تعلیم حاصل کرنے ایک مقامی مدرسے جایا کرتا تھا۔ ایک دن جب ہم سارے بچے سبق یاد کرنے میں مصروف تھے تو ہمیں زلزلے کے کچھ جھٹکے محسوس ہوئے۔ ہم اُٹھ کر بھاگنے لگے تو مولوی صاحب نے ڈانٹ کر ہمیں دوبارہ بیٹھنے کو کہا۔ کسی بچّے نے زلزلوں کے آنے کی وجہ پوچھی تو مولوی صاحب بچے کو سمجھاتے ہوئے فرمانے لگے کہ ہماری یہ دنیا ایک بھینسے (گاو ماہی) کے سینگ پر ٹکی ہے اور یہ بھینسا ایک ایسی مچھلی کی پیٹھ پہ کھڑا ہے جو پانی میں تیر رہی ہے۔

جب بھینسے دنیا کو اپنے ایک سینگ سے دوسرے پر منتقل کرتا ہے تو زلزلہ آتا ہے۔ پھر کہنے لگے کہ یہ زلزلہ اللہ کی طرف سے ایک عذاب ہوتا ہے۔ جو لوگ بے گناہ اور معصوم ہوتے ہیں زلزلہ ان کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتا لیکن جو گناہ گار ہوتے ہیں وہ کسی صورت اس سے نہیں بچ سکتے۔ اس لئے زلزلے سے بھاگنا فضول ہے۔

چھٹی کے وقت ہم باہر نکلے تو ایک لڑکے نے گستاخی کی کہ چونکہ مولوی صاحب خود پاؤں سے معزور اور بھاگنے سے قاصر ہیں اس لئے ہمیں بھی زلزلے کے دوران بھاگنے سے منع کر رہے تھے ورنہ شاید سب سے پہلے وہ خود بھاگ کھڑے ہوتے۔

ایسے ہی ایک دن جب ایک شاگرد نے گرج چمک اور بارش سے متعلق کوئی سوال پوچھا تو مولوی صاحب حسب معمول انتہائی ساد ہ اور سلیس زبان میں بتانے لگے کہ دراصل جب اللہ تعالیٰ اپنے فرشتے کو بارش برسانے کا حکم دیتا ہے تو فرشتہ آسمان کے پیٹ پر ایک زوردار لات رسید کرتا ہے جس کی ضرب سے بجلی چمکتی ہے اور آسمان درد کے مارے چیخنے اور غرّانے لگتا ہے تبھی بارش ہونے لگتی ہے۔

اب اتفاق دیکھئے کہ گریجویشن کے دوران ہمارے سلیبس میں جیو لوجی اور جیو گرافی کے مضامین بھی شامل تھے جن میں زلزلوں اور بارش کے بارے میں تفصیلی سائنسی معلومات درج تھیں ۔ لیکن ان میں بتائی گئی باتوں کی نسبت بارش اور زلزلے کی جو توجیہات مولوی صاحب نے بیان کی تھیں وہ زیادہ آسان اور سمجھ میں آنے والی تھیں اس لئے آج بھی میرے حافظے میں پہلے دن کی طرح محفوظ ہیں جبکہ کالج میں پڑھائی گئی با تیں میں کب کا بھول چکا ہوں۔

لہٰذا، اسٹیفن ہاکنگ اور ان جیسے دیگر لوگوں کو میرا یہی مشورہ ہے کہ وہ بھی کائنات کی تشکیل، تھیوریٹکل فزکس، بلیک ہولز، فورتھ ڈائمنشن، ٹائم ٹریول، بلیک پارٹیکلز یا گاڈ پارٹیکلز جیسی سمجھ میں نہ آنے والی بے سروپا باتوں پر اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے اپنی آخرت کی فکر کریں اور کائنات کے اسرار و رموز کو سمجھنے کی خاطر کسی مولوی سے رجوع کریں جو ان رازوں سے اس آسانی سے پردہ اٹھائے گا کہ سب کے چودہ طبق روشن ہو جائیں گے۔

کیڑے مکوڑوں، پرندوں، سانپوں اور مگر مچھوں پر تحقیق کرنے والوں کے لئے بھی میرا یہی مشورہ ہے کہ اب بھی وقت ہے کہ وہ اپنی تمام فضول سرگرمیاں فوری ترک کرکے اپنی باقی ماندہ زندگی توبہ استغفار میں گزار یں اور کسی تبلیغی جماعت میں شمولیت اختیار کرکے اپنے گناہوں کا کفارہ ادا کر نے کی سبیل کریں۔

اس نیک کام کی تکمیل کے لئے وہ بلا شبہ پاکستان کا انتخاب کر سکتے ہیں جہاں ثواب کمانے اور آخرت سنوارنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور جہاں ان عظیم مقاصد کے حصول کی خاطر دنیا بھر سے لوگ بلا کسی روک ٹوک کے آتے رہتے ہیں۔ یہ اسلام کا ایک ایسا قلعہ ہے جس کا ایک دروازہ حقیقت کے متلاشیوں کو اپنی آغوش میں سمانےکے لئے ہر دم تیاررہتا ہے جبکہ دوسرا سیدھا جنت میں کھلتا ہے۔

مجھے یقین ہے کہ جب وہ کچھ عرصہ یہاں گزار لیں گے تو انسانی جانوں کی بے وقعتی اور انسانیت کی تذلیل کے نظارے دیکھ دیکھ کر وہ اپنی ساری دھما چوکڑی بھول جائیں گے ، کائنات کی تسخیر اور بے زبان مخلوقات کی نسلیں بچانے کا بھوت خود بخودان کے سروں سے اُتر جائے گا اور سب اپنے گناہ بخشوانے اور اپنی آخرت سنوارنے کے لئے اسی راستے پر چل پڑیں گے جو سیدھا جنت کو جاتا ہے۔

تبصرے (13) بند ہیں

Mustafa Aug 28, 2013 07:34am
Behtareen tehreer. Hamarai mulak ko inhi seenghon walai maulana nai dabo diya hai
hafiz Aug 28, 2013 09:26am
is mazmoom main baray jache tule andaz main stephen hawking ki tareef or mazhab ki tahqeer ki gayee he. is se aap andazah lagasakte hain ke aik ham jins parast (Stephen Hawking admits hes gay! see @ http://www.youtube.com/watch?v=kfBoSEyfNaM ) se aqidat ka izhar karne wale mushahidati pujarion ki aaqilanah aproach kahan tak he??
فراز Aug 28, 2013 09:28am
اچھی تحریر ہے۔ پاکستان کے حالات اور اس کی بدبختی کے وجوہات کی اچھی منظر کشی کی گئی ہے
Faisal Aug 28, 2013 09:37am
آپکے اس مضمون ميں ہی دراصل اسلام بيزار اور لا مذہب طبقے کی ذہنی وسعت اورنفسيات پوشيدہ ہےکہ اسکےنزديک دين کے فروغ اور آخرت کی فلاح کی جدوجہد محض وقت کا ضياع اور ايک کارِ لاحاصل ہےاور دراصل يہی آج مسلمانوں کی ناکامی کا اصل سبب ہے اور سائنس و ٹيکنالوجی کی آميزش کے بغير آخرت کی فلاح اورکاميابی ناممکن ہے اللہ آپکو ذہنی وسعت عطا فرمائے۔ تاہم کسی ايک مولانا کی اخذ کردہ توجيہات مثلاً بھينسے کا سينگ، فرشتے کی لات وغيرہ کو کلّی طور پر مولويوں کی اکثريت پر لاگو کرنا اوريہ نتيجہ اخذ کرنا کہ انکی معلومات کا معيار بالعموم اتنا ہی پست ہوگا صريح زيادتی اور قلمی بد ديانتی کا مظہرہے۔
Zia Aug 28, 2013 10:33am
آج کل جس کو دیکھو اسلام کے پیچھے لٹھ لے کے پڑا ہے. بی بی سی اردو اور ڈان پر ہر دوسرا بلاگر بلاواسطہ یا بلواسطہ اسلام کو نشانہ بنا رہا ہے. لگتا ہے بلاگر بننے کے لئے یہی خوبی کافی ہے.
عقیل Aug 28, 2013 10:57am
مصنف سے ایک بھول ہوگئی ۔ اسے یہ بھی بتانا چاہئے تھا کہ جنت کے سفر پر نکلتے وقت زاد راہ کے طور پر جسم پر بم باندھنا ضروری ہے۔
NADEEM Aug 28, 2013 12:01pm
i reaed your futile effort again and again and could not find a clue what vision you want to bring forward. sar ta pa jahalat dekhi aap kay column mai. as a pakistani i feel shame as i am not religious (alhamdolillah) :) Dr Mubarak Haider , baan baan karta hua scholar baqaol aap kay as well as Dr Stefen Hwking, ki kitab TEHZIBI NARGASIAT mai aap jaisay logon par tafseeli roshni daali gaye hai. Hope u have already read that beside BAHISHTI ZEWAR.
abdul latif abu shamil Aug 28, 2013 12:28pm
واہ جی کمال ہوگیا ۔ کیا زبردست بات آ پ نے بتائی ہے ۔ ہاں میں بھی جب اسکول سے آ نے کے بعد مدرسے جاتا تھا تو میں نے اک دن مولوی صاحب سے پوچھا کہ بارش کے دوران اتنی خوفناک آوازیں کیوں آتی ہیں ۔پہلے تو انہوں نے مجھے گھورا اور پھر غصے سے کہا ، آٰٰیک تو اتنا سوچنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس سے انسان گمراہ ہوجاتا ہے ۔ لیکن اب تم نے پوچھ ہی لیا ہے تو بتائے دیتا ہوں ۔ آسمان میں اک درویش اپنی کٹیا میں رہتے ہیں ۔ جب بارش ہوتی ہے تو انہیں غصہ آجاتا ہے اس لیے کہ ان کی کٹیا ٹپکنے لگتی ہے تو وہ غصے میں بادلوں کو کوستے ہوئے ان کے پیچھے بھاگتے ہیں ۔ اس لیے ایسی آوازیں آتی ہیں ۔ میں نے ڈرتے ڈرتے پوچھا ۔ ان کا نام کیا ہے تو فرمایا ۔ تم ضرور گم راہ ہوجائو گے ۔ ویسے ان درویش کا نام گڑ غڑو با با ہے ۔۔۔ میں واقعی گمراہ ہوگیا ہوں ۔ اس لیے کہ فلمیں دیکھتا ، جینز پہنتا، اور گانے گاتا اور سوالات کرتا ہوں، اب تو میرے بچے جوان ہو گئے ہیں لیکن مجھے اب بھی میری ماں کہتی ہے ۔ پہلے ہی کہتی تھی اتنی کتابیں مت پڑھا کر اب تو تو باکل نہیں سدھرے گا ۔ ۔ ۔ چلیے گمراہ ہی سہی ۔۔۔۔ چنگیزی صاحب آپ خوش رہئے سدا ۔۔۔۔ دین ملا سے میں گمراہ ہی بھلا ۔۔ رند جنت میں جا بھی چکے ،،، اور واعظ محترم رہ گئے
Mohammed Basheer Aug 29, 2013 04:26pm
آدھا مضمون تو با ضابطہ آپنے صحیح لکھا اور پھر آپکا ذہنی توازن عنوان سے ہٹ گیا اسٹیفن ہاکنس کی علمیت اور عمل پذیری کا میں قائیل ہوں یہی نہین اس جئسے ایک اور کو بھی جانتا ہون جسکو اللہ نے ہدایت دی تھی علم حاصل کرنے کی اور کامیاب بھی کیا جو کہ انسانی نظام کے ENDOCRINE SYSYTEM کے بارے میں تحقیقات کے لئے جانا جاتا ہے اسکی بھی مرنے سے پہلے یہی حالت ہوئی تھی جو کہ اس وقت اسٹیفن ہاکسن کی ہے بے عیب اللہ کی ذات اپنی مخلوق پر اپنے خزانون کو جو کہ اسکا علم ہین نوازتی ہے اور پھر کوئی اس کی ذات کا انکار کردیتا ہے اسکو علامت بنا دیتا ہے
muhammad ahsan ullah chudhry Aug 29, 2013 05:58pm
baat app ko samaajh nahein a rahee college ka sabaaq app bhool gayeeh iss main satifan hawking ka kiya qasoor
Ali Aug 29, 2013 06:30pm
lolz.... great effort to enlighten the "most enlightened nation"
شانزے Aug 29, 2013 09:06pm
موٹی عقل اور موٹی توند والوں کو آپ کی بات سمجھ نہیں آنی.
Changezi.net Sep 13, 2013 09:58am
[…] http://urdu.dawn.com/2013/08/28/bhainse-ka-seeng-farishte-ki-laat-riza-changezi-aq/ […]