عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں ہر موسم کی شدت بڑھتی جارہی ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے دنیا کے کئی ممالک کو بڑے پیمانے پر قدرتی آفات کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

دنیا کے کئی ممالک اس وقت شدید سردی کا سامنا کررہے ہیں، کچھ ملکوں میں تو درجہ حرارت ریکارڈ کم ترین سطح پر گرگیا ہے۔ جیسا کہ ہمیں معلوم ہے کہ زمین کے تقریباً 70 فیصد حصے پر پانی موجود ہے، لیکن کیا ہوگا اگر تمام سمندر منجمد ہو جائیں؟ کیا انسان زندہ بچ سکے گا؟

سائنس فوکس کی ویب سائٹ کے مطابق اس 70 فیصد کا صرف ایک فیصد سے بھی کم حصہ انسان، جانور اور پودے استعمال کرتے ہیں کیونکہ 97 فیصد سمندروں میں پانی نمکین ہے جو ناقابل استعمال ہے۔

زمین کا 30 فیصد حصہ گلیشیئرز یا برف سے ڈھکا ہوا ہے، لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کیا ہوگا اگر زمین کے تمام سمندر منجمد ہوجائیں تو انسانی زندگی پر اس کے کیا اثرات ہوں گے؟

1. عالمی تجارت پر اثرات

چونکہ دنیا کی 80 فیصد عالمی تجارت جہازوں کے ذریعے ہوتی ہے، تو عالمی سطح پر تجارت پر گہرا اثر ہوگا، اس کے علاوہ دنیا کا نصف تیل سمندر کے ذریعے ایک ملک سے دوسرے ملک منتقل کیا جاتا ہے، تجارت بند ہونے کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ ہوگا جس کی وجہ سے عالمی معیشت تباہ ہوجائے گی۔

2۔ بے روزگاری

ماہی گیر یا آبی زراعت کی صنعتوں میں کام کرنے والے تقریباً 5 کروڑ 60 لاکھ افراد اچانک بے روزگار ہو جائیں گے۔

3۔ پودوں کی حیاتیات ختم ہوجائیں گی

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ برف سورج کی روشنی کا بہترین ریفلیکٹر ہے، الجی یا کائی منجمد پانیوں میں پھیلتی ہے اور سردیوں میں آسمان سے گرنے والی برف اور منجمد پانیوں کے نیچے خوابیدہ رہتی ہے، جب گرمیوں کی آمد ہوتی ہے اور برف پگھلتی ہے تو اس الجی پر بہار آتی ہے، جس سے سرخ رنگ کی پھولوں جیسے باریک ذرات پھیل جاتے ہیں۔

تاہم تمام سمندر منجمد ہونے کا مطلب ہے کہ پودوں کی حیاتیات ختم ہوجائیں گی۔

4۔ ہریالی ناپید ہوجائے گی

تمام سمندر منجمد ہونے کے سبب درجہ حرارت نیچے گرتا چلا جائے گا، پودے پانی کی کمی کی وجہ سے ختم ہوجائیں گے، جس کے باعث کاربن ڈائی آکسائیڈ (CO2) میں کمی آجائے گی تاہم آتش فشاں سے کاربن ڈائی آکسائیڈ پیدا ہونے میں مدد ملے گی لیکن اس کی مدد سے زمین کو گرم کرنے اور برف کو پگھلنے میں لاکھوں سال لگ سکتے ہیں۔

5۔ بارش نہیں ہوگی

سمندر کی اوپری سطح سے مسلسل پانی بھاپ کی شکل میں فضا میں پھیلتا رہتا ہے اور اونچائی پر بادلوں کی شکل اختیار کرلیتا ہے ، پھر یہی پانی کے بہت سارے قطرے آپس میں مل کر بارش کرتے ہیں۔

لیکن اگر تمام سمندر منجمد ہوجائیں تو خشک سالی ہوجائے گی، کئی سالوں تک بارشیں نہیں ہوں گی جس کے باعث انسان اور جانور کئی وبائی امراض کا شکار ہوسکتے ہیں۔

ہمارے ماحول میں موجود آکسیجن کا 50 سے 85 فیصد حصہ سمندروں کا ہے تو اگر تمام سمندر منجمد ہوجائیں گے تو کئی جانور اور انسان دم گھٹنے سے مر جائیں گے۔

جیولوجیکل شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ زمین کے تمام سمندر اس سے قبل دو بار منجمد ہوچکے ہیں، ایسا آج سے تقریباً 65 ہزار سال قبل ہوا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں