خالصتان تحریک کے احتجاج پر بھارت برہم، دہلی میں برطانوی ہائی کمیشن کی سیکیورٹی کم کردی

25 مارچ 2023
برطانوی ہائی کمیشن کے باہر سے اضافی تحفظ فراہم کرنے والی پیلے رنگ کی آہنی رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹائمز آف انڈیا
برطانوی ہائی کمیشن کے باہر سے اضافی تحفظ فراہم کرنے والی پیلے رنگ کی آہنی رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹائمز آف انڈیا

خالصتان تحریک کے حامیوں کی جانب سے برطانیہ میں بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاج اور مبینہ توڑ پھوڑ کے بعد بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی اور سفارتی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد بھارت نے حیران کن طور پر نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمیشن کی سیکیورٹی بھی کم کردی ہے۔

برطانوی اخبار ’دی گارجین‘ کے مطابق بھارت نے سفارتخانے میں مبینہ توڑ پھوڑ اور بھارتی جھنڈا گرائے جانے کا بدلہ لینے کے لیے دارالحکومت نئی دہلی میں قائم برطانوی ہائی کمیشن کے باہر سے اضافی تحفظ فراہم کرنے والی پیلے رنگ کی آہنی رکاوٹوں کو ہٹا دیا ہے۔

دوسری جانب خالصتان تحریک کے حامیوں کی جانب سے امریکا اور برطانیہ میں بھارتی سفارتخانوں میں مبینہ توڑ پھوڑ پر بھارت نے ذمے داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی حکومت نے کہا کہ ہم ذمے داران کے خلاف محض لفظی یقین دہانی کے بجائے باضابطہ کارروائی دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

بھارتی وزارت برائے خارجہ امور کے ترجمان ارندام باگچی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو امید ہے کہ میزبان حکومتیں محض یقین دہانی کرانے کے بجائے واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔

بھارت نے ان واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی اور بھارتی سفیروں کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔

ارندام باگچی نے کہا کہ بھارتی حکومت امریکا اور برطانیہ سے توقع رکھتی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ ہم صرف یقین دہانیوں میں دلچسپی نہیں رکھتے، میرا خیال ہے کہ ہم چاہیں گے کہ اس حوالے سے کارروائی کی جائے۔

ترجمان یہ بھی کہا کہ بھارت نے یہ معاملہ کینیڈین حکومت کے ساتھ بھی اٹھایا ہے، ہم توقع رکھتے ہیں کہ کسی بھی ملک میں ہمارے سفارت کار اپنے قانونی اور معمول کے سفارتی امور انجام دے سکتے ہیں اور میزبان حکومت ایسا کرنے کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنائے گی۔

اس سے قبل بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی خالصتان کے حامیوں کی جانب سے برطانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن میں بھارتی پرچم کو گرانے پر سخت موقف اختیار کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت سیکیورٹی کے اس امتیازی معیار کو قبول نہیں کرے گا اور برطانوی حکومت پر بھارتی مشن کے سفارت کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری کو پورا نہ کرنے کا بھی الزام لگایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جہاں تک برطانیہ میں اس معاملے پر ہائی کمیشن کے جھنڈے اور سیکیورٹی کا معاملہ ہے تو جب بھی کوئی ملک بیرون ملک کہیں بھی سفارت خانہ بھیجتا ہے، تو یہ اس ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ سفارت کار کو اپنے امور کی انجام دہی کے لیے سیکیورٹی فراہم کرے۔

ایس جے شنکر نے کہا کہ سفارت خانے یا ہائی کمیشن یا قونصل خانے اور ان کے احاطے کا احترام یقینی بنانا مذکورہ ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن یہ ذمہ داریاں پوری نہیں ہوئیں۔

گزشتہ ہفتے کے اوائل میں خالصتان کے حامی کارکنوں کی طرف سے قونصل خانے میں مبینہ توڑ پھوڑ کے بعد جمعہ کو ہندوستانی نژاد امریکیوں کے ایک گروپ نے سان فرانسسکو میں قونصل خانے کے سامنے ایک ریلی بھی نکالی تھی۔

واضح رہے کہ خالصتان تحریک کے یہ حامی بھارتی حکومت کی جانب سے امرت پال سنگھ ساندھو کے خلاف کیے جا رہے کریک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں