متعدد شوبز شخصیات کے ذاتی موبائل نمبرز اور دیگر معلومات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر اداکار فیروز خان معافی مانگ لی۔

واضح رہے کہ فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزہ کی جانب سے اداکار پر لگائے گئے تشدد کے الزامات اور تصاویر سامنے آنے پر متعدد شوبز شخصیات نےفیروز خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف ردِعمل دیا تھا۔

شوبز شخصیات کی جانب سے شواہد کے بغیر تنقید کرنے پر فیروز خان نے متعدد شوبز شخصیات کو ہتک عزت کا نوٹس ارسال کیا تھا۔

ہتک عزت کے قانونی نوٹس میں ان کی سابق اہلیہ علیزہ فاطمہ اداکارہ منال خان، ایمن خان، ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے، یاسر حسین، میرا سیٹھی، ثروت گیلانی، گلوکار و اداکار فرحان سعید، گلوکار عاصم اظہر، مصدق ملک اور عثمان خالد بٹ کے نام شامل تھے۔

اداکار کی جانب سے شوبز شخصیات کو بھجوائے گئے نوٹسز کی کاپیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، جن میں متعدد شخصیات کی ذاتی ایڈریس، نام اور موبائل نمبر سمیت دیگر معلومات کو واضح طور پر پڑھا جا سکتا تھا۔

قانونی نوٹسز میں ذاتی موبائل نمبر اور دیگر معلومات دیے جانے اور نوٹسز کو سوشل میڈیا پر وائرل کروانے پر متعدد شخصیات نے فیروز خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں نہ صرف بے وقوف قرار دیا بلکہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کی تیاری کی دھمکی بھی دی تھی۔

تاہم اب فیروز خان نے تقریبا تین ماہ بعد ان تمام شوبز شخصیات سے معافی مانگی ہے جن کے انہوں نے ذاتی موبائل نمبرز اور دیگر معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

انہوں نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 17 جنوری 2023 کو میری ٹیم کی جانب سے قانونی نوٹس ڈرافٹ کیا گیا تھا جو میں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا، تاہم مجھے معلوم نہیں تھا کہ مذکورہ نوٹس میں شوبز شخصیات کے ذاتی تفصیلات بشمول ان کے فون نمبر بھی شامل ہیں۔

اداکار کا کہنا تھا کہ جب مجھے معلوم ہوا تو میں نے پوسٹ کچھ ہی منٹ بعد ڈیلیٹ کردی تاہم یہ میرے علم میں آیا ہے کہ مذکورہ نوٹس کے نتیجے میں میرے ساتھیوں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی ہوئی۔

فیروز خان کا کہنا تھا کہ اداکار ہونے کے ناطے پرائیویسی کی اہمیت کا اندازہ ہے اور میں اس کی قدر کرتا ہوں، کسی کا سکون برباد کرنا میرا مقصد نہیں تھا، اگر میرے کسی ساتھی کو تکلیف سے گزرنا پڑا ہو تو میں انتہائی معذرت خواہ ہوں۔

فیروز خان نے ساتھ ہی منیت بٹ کے ساتھ علیحدہ تصویر شیئر کی۔

تصویر کی کیپشن میں فیروز خان نے لکھا کہ ’ میرے اور منیب بٹ کی فیملی کے درمیان جو بھی معاملہ ہوا اس کو اپنے بڑوں کی رہنمائی سے ہم نے یہیں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ایک فیملی کیطرح باہمی احترام و محبت کا تعلق قائم رکھیں گے، انشاءاللہ’۔

یاد رہے کہ اداکار منیب بٹ نے فیروز خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں سائبر کرائم قوانین کے تحت درخواست بھی دائر کی تھی۔

اگرچہ فیروز خان کے قانونی نوٹس میں منیب بٹ کا نام نہیں تھا، لیکن انہوں نے اپنی اہلیہ ایمن خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی ذاتی معلومات لیک کرنے پر فیروز خان کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی۔

منیب بٹ کا فیروز پر لگائے تمام الزامات ختم کرنے کا اعلان

فیروز خان کی منیب بٹ کے ساتھ تصویر شیئر کرنے کے بعد منیب بٹ نے بھی وہی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کی۔

منیب بٹ نے ایک اور انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ فيروز خان کا ارادہ مجھے اور میرےاہل خانہ کو ذہنی پریشانی میں مبتلا کرنا نہیں تھا بلکہ یہ ایک غلطی تھی، میں تمام الزامات ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔

منیب بٹ نے لکھا کہ معزز عدلیہ ابھی تک فیروز خان اور علیزہ کیس کی سماعت کر رہی ہے، ہمیں اپنے عدالتی نظام پر پورا بھروسہ ہے، عدالت جو فیصلہ دے گی ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

اداکار کا کہنا تھا کہ یہ دونوں کا نجی معاملہ ہے اور ہر کوئی ان کی پرائیویسی کا احترام کرے اور تبصرہ کرنے سے گریز کرے۔

تبصرے (0) بند ہیں