کرینہ کپور او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ڈیبیو کے لیے تیار
بولی وڈ ’بے بو‘ کہلانے والی اداکارہ کرینہ کپور کیریئر کے 23 سال بعد جلد ہی پہلی بار او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔
جی ہاں، کرینہ کپور کی پہلی او ٹی ٹی فلم ’جانِ جاں‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے اسے آئندہ ماہ 21 ستمبر کو اداکارہ کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
نیٹ فلیکس کی جانب سے جاری کردہ مختصر ٹیزر میں کرینہ کپور سمیت فلم کے دیگر مرکزی کرداروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔
ٹیزر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو رومانس سمیت ایکشن اور تھرلر بھی دیکھنے کو ملے گا۔
رپورٹس کے مطابق ’جانِ جاں‘ کی کہانی جاپانی ناول (دی ڈووشن آف سسپیکٹ ایکس) سے ماخوذ ہے جو 2006 میں شائع ہوا تھا۔
مذکورہ ناول کی کہانی سسپنس اور تھرلر سے بھرپور ہے، جس میں ایک طلاق یافتہ خوبصورت خاتون کے کردار سمیت قتل اور اس کی تحقیق کے گرد گھومتے واقعات کو بیان کیا گیا ہے۔
ممکنہ طور پر ’جانِ جاں‘ میں کرینہ کپور طلاق یافتہ خوبصورت خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جو اپنی خوبصورتی سے دوسروں کو دیوانہ بھی بناتی ہیں لیکن ان کا ماضی انتہائی اذیت ناک ہوتا ہے۔
نیٹ فلیکس نے ’جانِ جاں‘ کا ٹیزر جاری کرتے ہوئے 21 ستمبر کو ریلیز کرنے کی تصدیق کردی۔
’جانِ جاں‘ کے ٹیزر سے قبل نیٹ فلیکس انڈیا کی جانب سے کرینہ کپور کی او ٹی ٹی ڈیبیو کے حوالے سے ایک دلچسپ ویڈیو بھی ریلیز کی گئی تھی، جس میں انہیں فلم سازوں سےاس بات پر بحث کرتے دکھایا گیا تھا کہ وہ منفرد کہانی پر مبنی فلم کے ذریعے ڈیجیٹل ڈیبیو کرنا چاہتی ہیں۔
کرینہ کپور نے 2000 میں فلم ’رفیوجی‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور گزشتہ 23 سال میں پہلا موقع ہوگا کہ وہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی پروڈکشن میں جلوے بکھیرتی دکھائی دیں گی۔
کرینہ کپور کی آخری فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ عامر خان کے ساتھ تھی، جسے گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا۔
’جانِ جاں‘ کی ہدایات سنجے گھوش نے دی ہیں اور اس کی دیگر کاسٹ میں جے دیپ اہلاوت اور وجے ورما سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
اگرچہ کرینہ کپور ’جانِ جاں‘ سے او ٹی ٹی ڈیبیو کریں گی لیکن ان کے شوہر سیف علی خان نے کئی سال قبل ہی او ٹی ٹی ڈیبیو کیا تھا، ان کی انڈیا کی پہلی نیٹ فلیکس ویب سیریز ’سیکرڈ گیمز‘ کافی مقبول ہوئی تھی۔












لائیو ٹی وی