اپنے منفرد گانوں سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے کامیڈین اور خود ساختہ گلوکار چاہت فتح علی خان نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے ترانہ جاری کردیا ہے جو صارفین کی توجہ کا بھی مرکز بن گیا ہے۔

چاہت فتح علی خان (جن کا اصل نام کاشف رانا ہے) گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر مقبول ہیں، انہیں ماضی کے شاہکار گانوں کو بے ڈھنگے انداز میں گانے کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔

چاہت فتح علی خان عام طور پر دوسرے گلوکاروں کی جانب سے گائے گانوں کو مزاحیہ انداز میں گاکر شائقین کو محظوظ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

قبل ازیں انہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں سیزن کا بھی ترانہ جاری کیا تھا جو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوا تھا اور شائقین ان کے منفرد انداز میں گانے سے محظوظ ہوئے تھے۔

اب انہوں نے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا ترانہ جاری کیا ہے جس کی دھن انہوں نے خود بنائی ہے، جو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور یوٹیوب پر ترانے کی ویڈیو جاری کی، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ خود ترانہ گنگنا رہے ہیں اور رقص بھی کررہے ہیں۔

’’جیتیں گے بھئی جیتیں گے‘ کے عنوان سے جاری ترانہ ملک بھر میں مقبول ہورہا ہے جسے ہزاروں لوگ دیکھ چکے ہیں۔

سوشل میڈیا صارف فیضان نے لکھا کہ ’ورلڈ کپ سے قبل یہ ترانہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا مورال بلند کرے گا‘۔

مسکان نامی صارف نے اس گانے کو آفیشل ورلڈکپ ترانے سے بہتر قرار دے دیا۔

یہی نہیں بلکہ پاکستان کے نامور گلوکار علی ظفر نے بھی چاہت فتح علی خان کے گانے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹ کی۔

انہوں نے لکھا کہ ’یہ نہیں ہو سکتا، انہوں نے میرے مصروف شیڈول کا فائدہ اٹھایا، یہ اچھی بات نہیں ہے، ان کا مقابلہ کوئی نہیں کرسکتا۔‘

علی ظفر نے مزید لکھا کہ وہ اپنی پرفارمنس سے فارغ ہوکر اسٹوڈیو جائیں گے جہاں وہ خود کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے لیے ترانہ تیار کریں گے۔

یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری ورلڈ کپ 2023 کے ترانے پر شدید عوامی ردعمل کے بعد گلوکار علی ظفر نے اعلان کیا تھا کہ وہ مداحوں کی بھرپور فرمائش پر ورلڈ کپ کا ترانہ بنانے جارہے ہیں۔

گلوکار نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوکر نوجوان میوزک کمپورز، رائٹرز اور پروڈیوسرز کو دعوت دی تھی کہ وہ علی ظفر کے ساتھ مل کر نیا ترانہ بنانے میں مدد کریں۔

اس حوالے سے انہوں نے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ ورلڈکپ کے نئے ترانے پر کام شروع ہوگیا ہے۔

علی ظفر نے کہا تھا کہ ’ورلڈکپ ترانے کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اس پر کام شروع ہوگیا ہے، ترانے کا عنوان ’مزہ آیا‘ ہوگا، ترانے کی دھن پر کام کرنے کے لیے ساتھی پروڈیوسر علی مصطفیٰ کام کریں گے جنہوں نے میرے پچھلے ترانے ’کھیل جمے گا‘ میں بھی کام کیا تھا۔‘

انہوں نے مداحوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آپ سب مجھے ترانہ ’مزہ آیا‘ کے لیے گرافکس بھیجیں‘۔

20 ستمبر کو آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آفیشل ترانے کی ویڈیو جاری کی گئی تھی۔

ترانے کی دھن بولی ووڈ کے مشہور موسیقار پریتم چکرورتی نے تیار کی تھی جبکہ نامور اداکار رنویر سنگھ نے ویڈیو میں پرفارم کیا تھا۔

’دل جشن بولے‘ کے ٹائٹل سے جاری ترانے کی ویڈیو میں شائقین کے کرکٹ کے جذبے اور جوش کی منظر کشی کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن لوگوں کو یہ گانا پسند نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید بھی کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں