• KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 18°C
  • ISB: Rain 13.1°C

سال 2023 کے دوران کراچی میں 522 خواتین، نابالغ لڑکیوں کا جنسی استحصال کیا گیا

شائع January 1, 2024
پولیس سرجن نے بتایا کہ اس دوران خواتین پر جسمانی حملوں کے 4 ہزار 42 واقعات بھی دیکھے گئے—فائل فوٹو: شٹراسٹاک
پولیس سرجن نے بتایا کہ اس دوران خواتین پر جسمانی حملوں کے 4 ہزار 42 واقعات بھی دیکھے گئے—فائل فوٹو: شٹراسٹاک

سال 2023 کے دوران صرف کراچی میں 500 سے زائد خواتین اور نابالغ لڑکیوں کا جنسی استحصال کیا گیا، پولیس سرجن نے بتایا کہ اس دوران خواتین پر جسمانی حملوں کے 4 ہزار 42 واقعات بھی دیکھے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن نے بتایا کہ کراچی میں سال 2023 کے دوران 714 افراد گولی لگنے سے جاں بحق اور 3 ہزار 22 افراد گولی لگنے سے زخمی ہوئے، 2022 کے مقابلے میں 2023 میں پُرتشدد واقعات کے نتیجے میں اموات میں 15 فیصد اضافہ ہوا۔

ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن نے بتایا کہ اعداد و شمار شہر بھر میں جاں بحق یا زخمی ہونے والوں کی تعداد پر مبنی ہیں جوکہ گزشتہ سال کے دوران جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر، ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی اور عباسی شہید اسپتال میں رپورٹ کیے گئے۔

پولیس سرجن سمیہ سید (جو شہر کے تینوں بڑے ہسپتالوں میں تعینات میڈیکو لیگل افسران کی ٹیم کی سربراہ ہیں) نے مزید کہا کہ پوسٹ مارٹم کے لیے تینوں ہسپتالوں میں ایک ہزار 565 لاشیں لائی گئیں، یہ تمام اموات قتل، ٹریفک حادثات، خودکشی وغیرہ کی نتیجے میں ہوئیں۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق 248 افراد تشدد سے جاں بحق ہوئے جبکہ 23 افراد سلنڈر/گیس پھٹنے اور دیگر واقعات میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ریکارڈ کے مطابق سال 2023 کے دوران تقریباً 180 مرد اور خواتین نے خودکشی کی، مختلف حادثات میں 13 افراد ٹرینوں کی زد میں آکر جاں بحق اور 23 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 119 رہی، 2023 کے دوران شہر میں مختلف واقعات میں 191 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان ایدھی نے بتایا کہ ٹریفک حادثات میں 750 افراد جاں بحق اور 11 ہزار 728 زخمی ہوئے، ٹریفک حادثات میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے 63 فیصد افراد موٹر سائیکل سوار تھے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مرتب کردہ اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا کہ سال 2023 کے دوران شہر بھر میں بچوں کی اموات کے 224 واقعات رپورٹ ہوئے۔

ایک بیان میں فیصل ایدھی نے بچوں کے قتل کے واقعات پر مایوسی کا اظہار کیا، تاہم ان کے مطابق سال 2023 کے دوران نوزائیدہ بچوں کی لاشیں ملنے کے واقعات میں ’نمایاں کمی‘ دیکھی گئی۔

522 خواتین کا جنسی استحصال

پولیس سرجن سمیہ سید نے بتایا کہ سال 2023 کے دوران 522 خواتین اور نوجوان لڑکیوں کا جنسی استحصال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال خواتین پر جسمانی حملوں کے 4 ہزار 42 واقعات رپورٹ ہوئے۔

دریں اثنا ترجمان پولیس نے بتایا کہ 29 دسمبر تک سندھ بھر میں 3 ہزار 158 پولیس مقابلے ہوئے جن میں 21 پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک ہزار 726 جرائم پیشہ گروہوں کا خاتمہ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے ساتھ 188 مقابلے ہوئے جن میں 40 ڈاکو مارے گئے جبکہ 136 کو گرفتار کیا گیا۔

سندھ رینجرز کے مطابق انہوں نے پولیس کے ساتھ مل کر دہشت گردوں، ٹارگٹ کلرز، اغوا کاروں اور بھتہ خوروں کے خلاف 163 کارروائیاں کیں اور 197 ہائی پروفائل ملزمان کو گرفتار کیا جو مختلف کالعدم مذہبی/فرقہ وارانہ یا قوم پرست گروہوں کے رکن تھے۔

رینجرز نے مزید بتایا کہ پانی کی چوری کے خلاف ان کی کارروائیوں کی وجہ سے تقریباً 25 ایم جی ڈی (ملین گیلن یومیہ) پانی کی بچت ہوئی جس کے نتیجے میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی آمدنی میں ماہانہ 20 کروڑ روپے تک کا اضافہ ہوا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025