'ٹنڈولکر آخری ٹیسٹ پاکستان کیخلاف کھیلیں'

شائع September 12, 2013

260412-tendulkar-670-top
ہندوستانی عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر۔ اے ایف پی فائل فوٹو۔

 کراچی: پاکستانی سابق کپتان اور نامور فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ہندوستانی عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کو اپنا آخری ٹیسٹ میچ پاکستان کے خلاف کولکتہ میں کھیلنا چاہیئے۔

عالمی ریکارڈ یافتہ ٹنڈولکر رواں سال اپنا دو سو واں ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلیں گے۔

اس حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ٹنڈولکر تمام طرز کی کرکٹ سے اس کے بعد یا پھر آئندہ سال کے آغاز میں ریٹائر ہوجائیں گے۔

انہیں دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے جبکہ ان نام متعدد ورلڈ ریکارڈز بھی ہیں۔

تاہم اکرم کا کہنا ہے کہ عظیم بلے باز جنہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ کراچی میں پاکستان ہی کے خلاف کھیلا تھا اور جس میں وسیم ان کے مد مقابل تھے، کو اپنا آخری ٹیسٹ پاکستان کے خلاف کھیلنا چاہیے۔

انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ ٹنڈولکر کے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے رخصت ہونے کو بہترین طریقہ ہوگا۔

ہندوستانی میڈیا میں یہ باتیں گردش کررہی ہیں کہ رواں سال جنوبی افریقہ کے دورے کو شاید منسوخ کرکے پاکستان کو ہندوستانی دورے پر دو ٹیسٹ میچوں کے لیے دعوت دی جائے۔

کشیدہ تعلقات کے باعث پاکستان اور ہندوستان نے 2007 کے بعد سے کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی ہے جبکہ حالات کچھ بہتر ہونے پر گزشتہ دسمبر پاکستان ایک روزہ سیریز کھیلنے ہندوستان گئی تھی۔

تاہم اس وقت دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول پر کشیدگی جاری ہے جبکہ جھڑپوں میں اگست کی شروعات سے لیکر اب تک 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

وسیم کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ ٹنڈولکر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں کہا کہ اگر انہیں اس صدی کا بہترین کھلاڑی منتخب کرنے کو موقع ملے تو وہ ٹنڈولکر کو منتخب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے اور ہندوستان اور پاکستان جلد ٹیسٹ میچ کھیلیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025