کراچی میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران ناظم آباد میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کی خاتون رہنما کا پرس بھی چھین لیا گیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی ایڈہاک کمیٹی کی رکن شاہینہ سہیل کو ناظم آباد میں لوٹا گیا، ملزمان موٹر سائیکل ان سے پرس چھین کر فرار ہوگئے، واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کے ترجمان نے خاتون رہنما سے پرس چھیننےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوٹیج میں واضح ہےکہ کس طرح ڈاکو بیدردی سے چلتی بائیک سے خاتون سے پرس چھینتے ہوئے فرار ہوا۔

ترجمان کے مطابق شاہینہ سہیل پرس چھینےجانےکے بعد اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور بری طرح گر پڑیں،گرنےکی وجہ سے ان کے سر پر شدید چوٹیں آئیں اور انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کے ترجمان کے مطابق چند ماہ قبل لیاقت آباد میں شعبہ خواتین کی رکن رخشندہ بھی پرس چھیننےکے واقعے میں شہید ہوچکی ہیں۔

ترجمان ایم کیو ایم مرکزی کمیٹی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم پیشہ ڈکیت سرعام دیدہ دلیری سے ڈکیتیاں کر رہے ہیں، بزرگ خواتین تک ان سے محفوظ نہیں، صوبائی حکومت، پولیس و انتظامیہ شہریوں کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام ہوچکے۔

ادھر کراچی کے علاقے کریم آباد میں ڈاکوﺅں کی مسجد میں تین افراد سے لوٹ مارکی سی سی ٹی وی منظر عام پر آگئی۔

فوٹیج دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو موذن، مسجد کے خادم اور نمازی سے موبائل اور نقدی چھین رہا ہے اور اس کے بعد بآسانی فرار ہوگیا۔

دوسری جانب پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد 3 زخمیوں سمیت 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا۔

پولیس نے بتایا کہ لیاری ایکسپریس وے ریکسر لائن کے قریب پولیس نے مبینہ مقابلے بعد 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جب کہ سہراب گوٹھ تھانے کی حدود میں واردات کے بعد فرار ہونے والے 2 ڈاکوؤں کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

تبصرے (0) بند ہیں