پاکستان کامن ویلتھ گیمز سے باہر

شائع September 17, 2013

پاکستان نے ماضی میں فیلڈ ہاکی میں چار عالمی ٹائٹل اور تین اولمپک طلائی تمغے حاصل کر رکھے ہیں۔ فائل فوٹو۔
پاکستان نے ماضی میں فیلڈ ہاکی میں چار عالمی ٹائٹل اور تین اولمپک طلائی تمغے حاصل کر رکھے ہیں۔ فائل فوٹو۔

کراچی: پاکستان ہاکی ٹیم آئندہ سال ہونے والے کامن ویلتھ گیمز سے اندرونی مسائل کے باعث باہر ہوگئی ہے۔

پاکستان نے ماضی میں فیلڈ ہاکی میں چار عالمی ٹائٹل اور تین اولمپک طلائی تمغے حاصل کر رکھے ہیں۔

تاہم حالیہ پیشرفت قومی کھیل کے لیے ایک نیا دھچکا ہے جو کہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہ کرنے کے تقریباً ایک ماہ بعد سامنے آئی ہے۔

پاکستان پر کامن ویلتھ گیمز سے باہر ہونے کا خطرہ اس وقت سے منڈلا رہا تھا جب رواں سال پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن دو دھڑوں میں بٹ گیا۔

ایک کو بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) تسلیم کرتی ہے جبکہ دوسرے دھڑے کو حکومتی ادارے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی حمایت حاصل ہے۔

دونوں دھڑوں کے درمیان رسہ کشی کے باعث پاکستان کو آئی او سی کی جانب سے معطلی بھی ہوسکتی ہے۔

بین الاقوامی باڈی نے دونوں دھڑوں اور حکومتی اہلکاروں کو لوزین میں مسئلے کو حل کرنے کے لیے طلب کیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئی او سی کے حمایت یافتہ دھڑے کو نظر انداز کیا کیوں کہ اس کا زیادہ تر انحصار پی ایس بی پر تھا۔

اس کے نتیجہ میں اس نے گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے لیے دلچسپی بھی ظاہر نہیں کی۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف حسن کا کہنا ہے کہ پیشرفت سے پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو نقصان پہنچے گا۔

حسن کا کہنا تھا 'ہر پاکستانی کی ہاکی سے جذباتی وابستگی ہے تاہم حکام کی بے حسی کی وجہ سے ٹیم ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکے گی'۔

خیال رہے کہ ہاکی فیڈریشن ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی کے باعث تنازعات کا شکار ہے جبکہ سیکرٹری آصف باجوہ نے گزشتہ ہفتے اپنا استعفیٰ بھی پیش کیا تھا۔

پاکستان گزشتہ سال کے کامن ویلتھ گیمز میں چھٹی پوزیشن پر آیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 جون 2025
کارٹون : 20 جون 2025