• KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:44pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:44pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm

ڈیرہ غازی خان: سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے 2 دہشتگرد ہلاک

شائع September 13, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب کی ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محکمہ انسدادِ دہشت گردی پنجاب کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کوئٹہ روڈ پر کچھ دہشت گرد پنجاب بھر میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اطلاع پر جمعرات کی شب ڈیرہ غازی خان کوئٹہ روڈ پر کارروائی کی، اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔

ترجمان کے مطابق نتیجتاً محکمہ انسداد دہشت گردی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے، جبکہ دو دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں سے دھماکا خیز مواد، 2 رائفلیں، گولیاں اور ایک دستی بم بھی برآمد کیا، جنہوں نے صوبے میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا۔

مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ہونے والوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی تندہی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاع کی صورت میں شہری کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر اطلاع دیں۔

کارٹون

کارٹون : 10 دسمبر 2024
کارٹون : 9 دسمبر 2024