دورہ ہندوستان: وارنر، فواد آسٹریلین ٹیم سے باہر

سڈنی: آسٹریلیا نے ہندوستان کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے سینئر وکٹ کپر بریڈ ہیڈن کو دوبارہ طلب کر لیا ہے جبکہ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور پاکستانی نژاد فواد احمد کو اسکواڈ سے باہر کر دیا گیا ہے۔
گیارہ ستمبر سے شروع ہونے والی سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ کی قیادت کپتان مائیکل کلارک ہی کریں گے جبکہ کوچ ڈیرن لی مین کو آرام کا موقع فراہم کرتے ہوئے اسٹیو رکسن کو سیریز کے لیے کوچنگ کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔
کلارک ان دنوں کمر کی شدید تکلیف کا شکار ہیں اور سلیکٹرز نے واضح عندیہ دیا ہے کہ ان کے دورے کا دارومدار اسٹار کھلاڑی کی فٹنس پر ہے۔
چودہ رکنی اسکواڈ میں سب سے حیران شمولیت سینئر وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن جنہیں میتھیو ویڈ کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ہیڈن کو حالیہ ایشز ٹیسٹ سیریز میں کلارک کا نائب مقرر کیا گیا تھا جہاں انہوں نے ایشز میں سب سے زیادہ کیچ اور اسٹمپ کا روڈ مارش کا 30 سالہ ریکارڈ توڑ دیا تھا لیکن اس کے باوجود انہیں ایک روزہ ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔
چیف سلیکٹر جان انوریرٹی میتھیو ویڈ کو خراب فارم کے باعث ڈراپ کیا گیا اور ان کی جگہ ہیڈن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے جولائی اگست میں ہونے والی ایشز ٹیسٹ سیریز میں زیادہ کیچز کا ریکارڈ بنایا تھا۔
ہندوستان کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم سے سب سے زیادہ حیران کن اخراج اوپنر ڈیوڈ وارنر کا ہے جنہیں چیمپیئنز ٹرافی کے دوران برمنگھم کے بار میں انگلش بلے باز جو روٹ کو مکا جڑنے پر ایونٹ اور ایشز کے ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔
اس کے بعد انہیں انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز کی سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ بھی نہیں بنایا گیا تھا، انوریرٹی نے وارنر کو اسکواڈ کا حصہ نہ بنانے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
وارنر کے ساتھ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ٹیم کا حصہ بننے والے پاکستانی نژاد اسپنر فواد احمد کو بھی آسٹریلین ٹیم سے باہر کر دیا گیا۔
آسٹریلین چیف سلیکٹر نے کہا کہ فواد نے محدود مواقعوں کے باوجود اچھی باؤلنگ کی لیکن ہندوستان کی کنڈیشنز میں ان کی جگہ ٹیم کا حصہ بنائے جانے والے زیویئر ڈوہرٹی زیادہ فائدہ مند ثابت ہو ہوں گے۔
آسٹریلیا نے آئندہ ایشز سیریز کے پیش نظر کوچ ڈیرن لی مین کو آرام کا موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جگہ اسٹیو رکسن ٹیم کے کوچ ہوں گے۔
انوریرٹی نے کہا کہ ڈیرن طویل عرصے سے گھر سے دور تھے ار یہ ان کے لیے خود کا تازہ دم کرنے کا اچھا موقع ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کی غیر موجودگی میں دیگر لوگوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع لے گا۔
ہندوستان کے خلاف سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز گیارہ ستمبر سے ہو گا۔
سیریز کے لیے آسٹریلین اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
مائیکل کلارک(کپتان)، جارج بیلی(نائب کپتان)، شین واٹسن، ناتھن کاؤلٹر نائیل، ایرون فنچ، فل ہیوز، ایڈم ووگس، بریڈ ہیڈن، مچل جانسن، گلین میکس ویل، زیویئر ڈوہرٹی، موئسس ہینریکس، کلنٹ میک کے اور جیمز فالکنر۔