• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm

صدر آصف زرداری کا دبئی ایئرپورٹ پر جہاز سے اترتے ہوئے پاؤں فریکچر ہوگیا

شائع October 31, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

صدر پاکستان آصف علی زرداری دبئی ایئرپورٹ پر جہاز سے اترتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگئے، گزشتہ رات جہاز سے اترتے ہوئے ان کے پاؤں میں فریکچر ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو فوری طور پرابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد ان کے پاؤں پر پلاسٹر کردیا۔

صدر آصف علی زرداری کے پاؤں پر 4 ہفتے کے لیے پلاسٹر کیا گیا ہے، انہیں ہسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا ہے تاہم ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

69 سالہ صدر مملکت کو حالیہ برسوں کے دوران صحت کے متعدد مسائل درپیش ہیں، مارچ 2023 میں متحدہ عرب امارات میں ان کی آنکھ کا آپریشن ہوا تھا۔

اس کے علاوہ 2022 میں انہیں سینے میں انفیکشن کے علاج کے لیے ایک ہفتے کے لیے کراچی کے ڈاکٹر ضیاالدین ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، اس دوران ان کی خرابی صحت کے حوالے سے پھیلنے والی افواہوں پر ان کے ذاتی معالج اور قریبی ساتھی ڈاکٹر عاصم حسین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں۔

ان کے صاحبزادے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطابق جولائی 2022 میں ان کا کووڈ 19 مثبت آیا تھا تاہم ان میں کورونا کی علامات سنگین نوعیت کی نہیں تھیں۔

اس سے ایک سال قبل آصف زرداری کو بار بار سفر کرنے کی وجہ سے ہونے والی تھکن اور نقاہت کی وجہ سے کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

واضح رہےکہ صدر آصف زرداری گزشتہ رات ہی 2 روزہ نجی دورے پر اسلام آباد سے دبئی روانہ ہوئے تھے، ان کی غیرموجودگی میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے قائم مقام صدر کی ذمے داریاں سنبھال لی تھیں۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف زرداری کا 4 سے 7 نومبر تک چین کا دورہ طے ہے، دورے کے دوران صدر زرداری کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات بھی ہونی ہے، صدر زرداری کو 5 نومبر کو شنگھائی عالمی نمائش میں بھی شرکت کرنی ہے۔

یاد رہے کہ دبئی میں مقیم صدر آصف زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کے ہاں گزشتہ ہفتے تیسرے بیٹے کی ولادت ہوئی تھی۔

20 اکتوبر کو پیدائش کے بعد بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری نے اپنی مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے والدین بننے کی تصدیق کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 2 دسمبر 2024
کارٹون : 1 دسمبر 2024