کراچی اور لاہور میں غیرملکی فاسٹ فوڈ چین پر مشتعل افراد کے حملے، متعدد افراد گرفتار
کراچی اور لاہور میں غیر ملکی فاسٹ فوڈ چین پر مشتعل افراد کی جانب سے حملے کیے گئے تاہم ان حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے علاقہ ڈیفنس فیز 6 میں مشتعل افراد عالمی فاسٹ فوڈ چین پر حملہ کرنے کے بعد فرار ہوگئے، 8 سے 10 موٹرسائیکل حملہ آوروں نے غیر ملکی فوڈ چین پر پتھراؤ کیا۔
ترجمان پولیس کینٹ ڈویزن کا کہنا تھا کہ حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، ریسٹورنٹ کا عملہ بھی حملہ آوروں سے محفوظ رہا ۔

ایس پی کینٹ نے ایس ڈی پی برکی عطا آصف کو فوری طور پر ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کردیں۔
ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی رضا نے کہا ہے کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر زرائع کی مدد سے قریبی علاقوں میں تلاش کیا جا رہا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا۔
کراچی میں حملے کی کوشش ناکام
دوسری جانب، کراچی کے علاقے سپرہائی وے پر غیر ملکی فاسٹ فوڈ چین پر مشتعل افراد کے حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
مشتعل ہجوم سپرہائی وے پر غیر ملکی فاسٹ فوڈ چین کے باہر اکھٹا ہوا اور شدید نعرے بازی کی، جس پر قریبی تھانے کی بھاری نفری فوری طور پر پہنچ گئی اور لاٹھی چارج کرکے مشتعل ہجوم کو منتشر کیا۔
پولیس کے مطابق بروقت کارروائی پر حملہ ناکام بنادیا گیا اور 9 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں عالمی فاسٹ فوڈ چین میں توڑ پھوڑ کے الزام میں 10 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا کے مطابق شام 6 بج کر 15 منٹ پر تقریباً لاٹھیوں اور پتھروں سے لیس 40 افراد نے کورنگی روڈ پر واقع کینٹکی فرائیڈ چکن (کے ایف سی) کے آؤٹ لیٹ پر توڑ پھوڑ کرنے کی کوشش کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور ہجوم کو منتشر کر دیا، جب کہ 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ مشتعل افراد کا مقصد غزہ میں امریکا اور اسرائیل کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔
اسی طرح، کراچی کے علاقے بہادرآباد میں بھی فاسٹ فوڈ چین ’کے ایف سی‘ پر حملہ کیا گیا جس کی ویڈیوز کل سے سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
ایک اور واقعے میں بہادر آباد تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر نوید سومرو نے ڈان کو بتایا کہ گزشتہ رات کچھ افراد نے محمد علی سوسائٹی میں کے ایف سی برانچ پر بھی حملہ کیا اور توڑ پھوڑ کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، وہاں سے ایک ریلی گزر رہی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی گئی لیکن کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔












لائیو ٹی وی