جناح ہاؤس حملہ کیس: طبی بنیاد پر ضمانت دی تو تمام قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا، چیف جسٹس

شائع April 14, 2025
— فوٹو: ڈان
— فوٹو: ڈان

سپریم کورٹ میں جناح ہاؤس حملہ کیس کے ملزم علی رضا کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت دی تو تمام قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں جناح ہاؤس حملہ کیس کے ملزم علی رضا کی درخواست ضمانت پر سماعت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

پراسیکیوٹر پنجاب ذوالفقار نقوی نے دلائل دیتے ہوئے کہا علی رضا کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، علی رضا پر پولیس کو پتھراؤ اور ڈنڈے سے زخمی کرنے کا الزام ہے۔

ملزم کے وکیل سمیر کھوسہ نے کہا کہ علی رضا کے خلاف موقع پر موجودگی کا کوئی آڈیو یا ویڈیو ثبوت موجود نہیں ہے، جبکہ علی رضا کی عمر صرف 20 سال ہے اور وہ بیمار بھی ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت دی تو تمام قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا، ملزم نوجوان ہے تو پراسیکیوٹر جنرل خود معاملہ دیکھیں۔ عدالت نے مزید سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔

پسِ منظر

یاد رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں ملٹری کورٹ سے سزائیں

گزشتہ سال 21 دسمبر کو جناح ہاؤس سمیت سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں سے 10 سال قید بامشقت تک کی سزائیں سنادی گئیں تھیں۔

بعد ازاں، 26 دسمبر کو 9 مئی 2023 میں ملوث عمران خان کے بھانجے حسان نیازی سمیت مزید 60 مجرمان کو 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025