راولپنڈی جانے والی مسافر بس نالے میں جاگری،2 مسافر جاں بحق، 16 زخمی
راولپنڈی جانے والی ایک مسافر بس نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق اور تین غیر ملکی شہریوں سمیت 16 دیگر زخمی ہو گئے۔
سرائے صالح تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) راجا ممتاز کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے ہری پور میں ہزارہ موٹر وے پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 6 کلومیٹر دور شاہ مقصود انٹرچینج کے قریب بس سڑک سے الٹ کر سڑک کے کنارے نالے میں جا گری۔
ایس ایچ او ممتاز نے بتایا کہ حادثے کی وجہ لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنا ہے، تاہم زخمی مسافروں نے دعویٰ کیا کہ حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے سے پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ راولپنڈی جانے والی بس منگل کی صبح گلگت سے روانہ ہوئی، ہزارہ موٹر وے پر شاہ مقصود انٹرچینج کے قریب بس ڈرائیور سے بے قابو ہو گئی اور نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں 18 مسافر زخمی ہو گئے۔
مقامی افراد اور امدادی کارکنوں نے زخمیوں کو ہری پور ٹراما سینٹر منتقل کیا، جہاں 2 زخمی دم توڑ گئے۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر منور خان آفریدی نے بتایا کہ 5 مسافر شدید زخمی ہوئے اور انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ 11 دیگر معمولی زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔
ڈاکٹر منور خان آفریدی اور پولیس ریکارڈ کے مطابق جاں بحق مسافروں کی شناخت یاسین گلگت کے رہائشی 55 سالہ مسرور اور استور کے رہائشی 42 سالہ ضمیر عباس کے نام سے ہوئی۔
زخمیوں میں ایک نوعمر لڑکی اور تین غیر ملکی شامل ہیں، جن کی شناخت جمہوریہ چیک کے شہری جان اور 2 چینی شہریوں زو چونگزی اور لیو لی ڈونگ کے نام سے ہوئی۔












لائیو ٹی وی