• KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am
  • KHI: Fajr 4:13am Sunrise 5:42am
  • LHR: Fajr 3:18am Sunrise 4:57am
  • ISB: Fajr 3:13am Sunrise 4:57am

10 فروری سے ملک میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، انسداد پولیو جائزہ اجلاس

شائع April 17, 2025
— فوٹو: اے پی پی
— فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کے جائزہ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ ملک بھر میں 10 فروری کے بعد سے پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان اور افغانستان دنیا کے ان آخری 2 ممالک میں شامل ہے جہاں پولیو تاحال مقامی سطح پر موجود ہے، یہ مرض زیادہ تر 5 سال سے کم عمر بچوں کو متاثر کرتا ہے اور بعض اوقات زندگی بھر کی معذوری کا باعث بنتا ہے۔

عالمی سطح پر پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے باوجود، سیکیورٹی مسائل، ویکسین سے ہچکچاہٹ، اور غلط معلومات جیسے چیلنجز اس کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

2024 میں ملک بھر میں پولیو کے کل 74 کیسز رپورٹ ہوئے، ان میں سے 27 کیسز بلوچستان، 23 سندھ، 22 خیبر پختونخوا، اور پنجاب و اسلام آباد میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرقومی صحت سید مصطفی کمال، وزیراعظم کی پولیو کے لیے خصوصی نمائندہ عائشہ رضا فاروق، صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹریز، اور بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ سینئرحکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں، بین الاقوامی اداروں اور شراکت داروں کی کوششیں قابل ستائش ہیں جب کہ 5 سال کے کم عمر ہر بچے کو پولیو ویکسین لازمی پلائی جائے۔

شہباز شریف نے پولیو مہم کے ساتھ ساتھ دیگر خطرناک بیماریوں کے خلاف مدافعت کے لیے معمول کی ویکسی نیشن کی ملک گیر فراہمی کو 100 فیصد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے گراس روٹ لیول تک آگاہی اور کمیونٹی موبلائزیشن یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو مہم میں شریک ورکرز مشکل حالات کے باوجود اس موذی مرض کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں، مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے محنتی پولیو ورکرز پر فخر ہے۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو 21 سے شروع ہونے والے انسداد پولیو مہم کے بارے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس مہم میں ساڑھے 45 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی جب کہ ملک گیرانسداد پولیو مہم میں 4 لاکھ 15 ہزار پولیو ورکر حصہ لیں گے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر مہم کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن 28 سے 30 اپریل کو مکمل کر لی جائے گی۔

ملک میں گزشتہ انسداد پولیو مہمات کے نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 10 فروری 2025 سے اب تک ملک میں ایک بھی پولیو کا کیس رپورٹ نہیں ہوا جب کہ انسداد پولیو مہمات کی کولڈ چین ٹریکنگ کو ڈیجیٹل نظام کے تحت مانیٹر کیا جارہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 11 جون 2025
کارٹون : 10 جون 2025