جمہوریہ روانڈا کے وزیر خارجہ 21 تا 22 اپریل پاکستان کا دورہ کریں گے، دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ جمہوریہ روانڈا کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون اولیویئر جے پی ندُوہُنگیرِہے 21 تا 22 اپریل پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جمہوریہ روانڈا کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی دعوت پر اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ روانڈا کے وزیر خارجہ اولیویئر جے پی ندُوہُنگیرِہے دورہ پاکستان میں اسحٰق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے جب کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔
شفقت علی خان نے بتایا کہ روانڈا کے وزیر خارجہ وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقاتیں کریں گے جب کہ وہ بعض اہم وفاقی وزرا سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ اولیویئر جے پی ندُوہُنگیرِہے اسلام آباد میں جمہوریہ روانڈا کے ہائی کمیشن کا باقاعدہ افتتاح بھی کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ روانڈا کے وزیر خارجہ کاروباری برادری کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ کیگالی اور اسلام آباد میں متعلقہ سفارتی مشنز کے قیام کے بعد جمہوریہ روانڈا کے وزیر خارجہ کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔












لائیو ٹی وی