جنوبی وزیرستان: پولیو ٹیم پر حملہ ناکام، پولیس سے مقابلے میں دہشتگرد ہلاک، ساتھی فرار

شائع April 21, 2025
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے — فائل فوٹو: ڈان
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے — فائل فوٹو: ڈان

صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں پولیو ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا، اعظم ورسک تھانے کے عملے نے بہادری سے نصف گھنٹے تک دہشت گردوں سے مقابلہ کیا، اس دوران ایک دہشت گرد ہلاک جب کہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق نامعلوم دہشت گردوں نے تھانہ اعظم ورسک کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) اور پولیس پارٹی پر کلوشہ کے علاقے میں حملہ کیا، ایس ایچ او اور پولیس پارٹی پولیو ڈیوٹی پر تھے، پولیس پارٹی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 30 منٹ تک جاری رہا۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جب کہ باقی دہشت گرد موقع سے فرار ہوگئے، ہلاک دہشت گرد سے ایس ایم جی اور راکٹ لانچر ملا، جب کہ 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد کی شناخت افنان ولد پیرزادہ کے نام سے ہوئی ہے، اس کی تلاشی کے دوران 2 شناختی کارڈز، 3 اے ٹی ایم کارڈز اور ایک اسمارٹ فون برآمد ہوا ہے۔

برآمد کیے گئے کارڈز میں سے ایک ہلاک دہشت گرد کا تھا، باقی شہید کانسٹیبل عمران کے نکلے جو عید سے قبل دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے تھے۔

شہید کانسٹیبل عمران کے قتل کا مقدمہ تھانہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) جنوبی وزیرستان میں درج کیا گیا تھا۔

علاقے میں سرچ آپریشن اور پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے اضافی نفری اور اے پی سی روانہ کردی گئی ہے۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے پولیس پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر داخلہ کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو خراج تحسین

دریں اثنا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس ٹیم پر خارجی دہشتگردوں کے حملے کی مذمت ہے۔

انہوں نے حملہ ناکام بنانے پر پولیس ٹیم کو خراج تحسین کیا، محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم کے جوانوں نے جواں مردی کے ساتھ خارجی دہشتگردوں کا حملہ پسپا کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پولیس ٹیم نے انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت کرکے قومی فرض بطریق احسن نبھایا، پولیس ٹیم کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025