کراچی: پولیس کا سوٹ کیس میں لاش ملنے کا کیس حل کرنے کا دعویٰ، خاتون سمیت دو افراد گرفتار

شائع April 22, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک خاتون سمیت دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے گذشتہ ہفتے سوٹ کیس میں بند لاش ملنے کا کیس حل کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق گذشتہ ہفتے شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں ایک شخص کی لاش سوٹ کیس میں بند ملی تھی، علاقے کے ایس ایچ او محمد امین کھوسو نے بتایا تھا کہ لاش والا سوٹ کیس کچرا کنڈی سے ملا۔

اس بارے میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید کا کہنا تھا کہ متوفی کی موت سر پر سخت اور کند چیز لگنے سے ہوئی، زوردار ضرب سے کھوپڑی میں فریکچر ہوا اور دماغ کے اندر خون بہہ گیا۔

پولیس کی جانب سے آج جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے قتل میں ملوث دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول، جس کی شناخت آصف علی کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار خاتون کا قریبی دوست تھا، جس نے اپنے دوست کے ساتھ مل کر مقتول کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ دونوں مشتبہ افراد نے مقتول کو اپنے گھر بلایا، جہاں اسے سر پر بھاری ہتھوڑا مار کر وحشیانہ طور پر قتل کر دیا گیا۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ قتل کے بعد لاش کو سوٹ کیس میں بند کر کے رات کی تاریکی میں کچرا کنڈی کے قریب پھینک دیا گیا، جس کے بعد دونوں مشتبہ افراد موقع سے فرار ہو گئے تھے۔

پولیس نے متعدد شواہد کی مدد سے مشتبہ افراد کا سراغ لگانے اور ایک کامیاب کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ تفتیش کے دوران دونوں مشتبہ افراد نے مزید انکشاف کیا کہ ان کا مقتول کے ساتھ ذاتی معاملات پر تنازعہ تھا، اور انہوں نے اسے قتل کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

پولیس نے واقعے میں استعمال ہونے والا آلہ قتل اور دیگر شواہد بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے، اور مزید کہا ہے کہ گرفتار مشتبہ افراد کو مزید کارروائی کے لیے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا ایک علیٰحدہ واقعے میں اتوار کو کراچی کے رنچھوڑ لائن کے علاقے میں ایک پولیس اہلکار کو ذاتی دشمنی کی بنا پر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

گزشتہ ماہ خلع کی خواہشمند ایک خاتون کو مبینہ طور پر اس کے شوہر نے ملیر عدالت کے احاطے کے باہر قتل کر دیا تھا۔

45 سالہ رحمت بیگم کو ملیر کورٹ کے باہر ان کے شوہر سرور نے چاقو کے وار سے قتل کر دیا تھا، اس وقعے میں ان کی 18 سالہ بیٹی زخمی ہو گئی تھی، واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025