پولیس اور دھرنوں سے نہیں شادی سے ڈر لگتا ہے، کومل عزیز خان

شائع April 25, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ماڈل و اداکارہ کومل عزیز خان کا کہنا ہے کہ وہ کسی چیز سے نہیں ڈرتی، وہ بہت بہادر ہیں لیکن وہ شادی سے ڈرتی ہیں اور اسی لیے آج تک انہوں نے شادی نہیں کی۔

کومل عزیز خان نے حال ہی میں ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔

کس چیز سے ڈر لگتا ہے کہ سوال پر کومل عزیز خان نے کہا ہے کہ وہ صرف اور صرف شادی سے ڈرتی ہیں۔

انہوں نے شادی سے ڈرنے کی وضاحت بھی دی اور بتایا کہ چوں کہ انہوں نے اچھی شادیاں نہیں دیکھیں، اس لیے وہ اس سے ڈرتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بہت بہادر ہیں، ہر چیز کر سکتی ہیں، وہ وڈیرے سے لڑنے سمیت پولیس سے بھی لڑ سکتی ہیں جب کہ وہ دھرنے میں بھی کھڑی ہوسکتی ہیں لیکن شادی سے انہیں ڈر لگتا ہے۔

کومل عزیز خان کے مطابق ان کے دفتر میں بہت ساری لڑکیاں اچھا کام کرتی رہتی ہیں لیکن شادی کے بعد انہیں کام چھوڑنا پڑتا ہے، وہ اپنی مرضی سے کام بھی نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لڑکیاں شادی سے پہلے بہت اچھی طرح کام کرتی ہیں، محنت کرکے مقام بناتی ہیں، انہیں شادی کے بعد ملازمت چھوڑنی پڑتی ہے۔

اداکارہ کے مطابق بدقسمتی سے انہوں نے اپنے ارد گرد اور رشتے داروں میں بھی کوئی مثالی اور اچھی شادیاں نہیں دیکھیں، جس وجہ سے انہیں شادی سے خوف آتا ہے۔

کومل عزیز خان نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے انتہائی بری شادیاں نہیں دیکھیں لیکن وہ اتنی اچھی بھی نہیں تھیں کہ انہیں دیکھ کر یہ خیال آئے کہ صرف شادی ہی کرنی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے وقت کپڑوں کا لینا دینا، پارلر جانا اور اسی طرح کی دوسری چیزیں کرکے لڑکیوں کو ششکے دکھانا، صرف ایک دو ہفتوں کا کام ہوتا ہے، اس کے بعد حقیقی زندگی شروع ہوتی ہے جو کہ مشکل ہوتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ شروع سے ہی معاشی اور جذباتی طور پر خود مختار اور مضبوط ہونا چاہتی تھیں اور اسی وجہ سے بھی انہوں نے شادی نہیں کی۔

ساتھ ہی کومل عزیز خان نے کہا کہ اب شادی سے ان کا خوف آہستہ آہستہ بہتر ہو رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 جون 2025
کارٹون : 13 جون 2025