کراچی: کبوتروں سے پھیلنے والے پھیپھڑوں کے مرض میں اضافہ، ہفتہ وار 20 کیسز رپورٹ
کراچی میں کبوتروں سے پھیلنے والی پھیپھڑوں کی بیماری میں اضافہ ہونے لگا، نجی اسپتال میں ہفتہ وار 15 سے 20 کیسز رپورٹ ہورہے ہیں
ڈان نیوز کے مطابق ماہر امراض تنفس ڈاکٹر محمد عرفان نے کہا کہ کبوتروں سے پھیلنے والی بیماری برڈ فینسرز لنگز سے زیادہ تر خواتین متاثر ہورہی ہیں، کبوتر کے پروں اور فضلے کے ذرات سانس کی نالی میں جمع ہو جاتے ہیں اور یہ ذرات الرجی اور پھیپھڑوں کی سوجن کا باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کبوترکے پروں کے ذرات کھڑکیوں اور اے سی کےذریعے گھروں میں داخل ہوتے ہیں، مریضوں کو اسٹیرائڈز، آکسیجن یا پھیپھڑوں کی پیوند کاری کی ضرورت پڑسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیماری سے بچاؤ کے لیے کبوتروں سے دوری اور احتیاطی تدابیر اپنانا ضروری ہے، متاثرہ افراد پرندوں سے فوری طور پر دوری اختیار کریں۔