’ایک کروڑ دو ورنہ قتل کردیں گے‘، بھارت کے مسلمان فاسٹ باؤلر کو دھمکی

شائع May 6, 2025
— فوٹو: بھارتی میڈیا
— فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے مسلمان فاسٹ باؤلر محمد شامی کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے جس میں ان سے ایک کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور نہ دینے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد شامی کو جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کے بعد ان کے بھائی حسیب احمد نے ریاست اتر پردیش کے ضلع امروہہ میں سائبر کرائم پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کروادی۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) کے احکامات پر درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق راجپوت سندر نامی شخص کی جانب سے بھارتی فاسٹ باؤلر کو ایک ای میل موصول ہوئی جس میں ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔

یاد رہے کہ محمد شامی اس وقت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کررہے ہیں۔

آئی پی ایل کی حالیہ سیزن میں محمد شامی نے اب تک 9 میچز میں56.17 کی اوسط سے صرف 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اس سے قبل، انہوں نے بھارت کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے میں اہم کردار اد کیا تھا، ٹورنامنٹ میں محمد شامی نے 5 میچز میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنے پہلے میچ کی 5 وکٹیں بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل، بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو بھی ای میل کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق ہمیں گوتم گمبھیر سے منسلک ایک ای میل آئی ڈی پر موصول ہونے والی مبینہ دھمکی آمیز میل کے بارے میں اطلاع دی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

گوتم گمبھیر کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت دہلی پولیس کی سیکیورٹی میں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025