پشاور: 2 خاندانوں میں گھریلو جھگڑے کے بعد فائرنگ، ایک خاندان کے 6 افراد جاں بحق

شائع May 19, 2025
3 دن قبل فضل کی اہلیہ کا انتقال ہوا تھا، ملزمان کو شک تھا کہ اسے پھانسی دیکر قتل کیا گیا ہے
— فائل فوٹو: اے پی پی
3 دن قبل فضل کی اہلیہ کا انتقال ہوا تھا، ملزمان کو شک تھا کہ اسے پھانسی دیکر قتل کیا گیا ہے — فائل فوٹو: اے پی پی

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں 2 خاندانوں کے مابین گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کے نتیجے میں خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پشاور کے تھانہ ارمڑ کے علاقے خٹکو پل پر گھریلو تنازع کے بعد پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے میں ملزمان نے کلاشنکوف سے فائرنگ کی، دونوں خاندان ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں۔

مرنے والوں میں مسماۃ (ش) زوجہ اطلس، مسماۃ (ن) زوجہ رمضان، حضرت امین ولد اطلس، فضل امین ولد اطلس، 10 سالہ طفلکہ ہما دختر فضل، 3 سالہ طفل احمد ولد فضل امین شامل ہیں، فائرنگ کی زد میں آکر خاتون مسماۃ (ب) زوجہ نسیم شدید زخمی ہو گئی، جسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) رضا محمد نے بتایا کہ تھانہ ارمڑ کے علاقے خٹکو پُل میں 2 خاندانوں کے مابین فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں 6 افراد موقع پر جاں بحق اور ایک زخمی ہوا، مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے کلاشنکوف سے گولیاں چلائیں اور فرار ہوگئے ہیں، دونوں خاندان کے گھر ایک دوسرے کے قریب ہیں، زخمی ہونے والے شہری کو تشویش ناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) منتقل کر دیا گیا۔

پولیس حکام نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں، قتل ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 دن قبل فضل امین کی اہلیہ کا انتقال ہوا تھا، ملزمان کو شک تھا کہ فضل امین کی اہلیہ کو مبینہ طور پر پھانسی کے ذریعے قتل کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا، پولیس حکام کی مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

لواحقین کا رنگ روڈ پر لاشیں رکھ کر احتجاج

پشاور میں فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے قتل کے خلاف لواحقین لاشیں رنگ روڈ جمیل چوک پر رکھ کر احتجاج کر رہے ہیں۔

لواحقین کے احتجاج کے باعث رنگ روڈ پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا، بدترین ٹریفک جام میں سیکڑوں شہری پھنس گئے، مظاہرین قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 16 جون 2025
کارٹون : 15 جون 2025