احد رضا میر کے والد آصف رضا میر کی پہلی بار سجل علی کی طلاق پر گفتگو
سینئر اداکار آصف رضا میر نے بیٹے احد رضا میر اور سابقہ بہو سجل علی کی علیحدگی پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ رشتے ختم ہونے سے دنیا ختم نہیں ہو جاتی، زندگی چلتی رہتی ہے۔
حال ہی میں آصف رضا میر نے معروف میزبان ملیحہ رحمان کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران آصف رضا میر نے نہ صرف سجل علی کے ساتھ نئے ڈرامے میں کام کرنے کی تصدیق کی بلکہ احد رضا میر اور سجل علی کی علیحدگی پر بھی گفتگو کی۔
اداکار کے مطابق وہ جلد ہی ایک نئے پراجیکٹ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں سابقہ بہو سجل علی کے والد کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب مجھے اس پراجیکٹ کی آفر ہوئی تو میں حیران ہوا تھا لیکن ہم دونوں نے فیصلہ کیا کہ ہم پروفیشنل آرٹسٹ ہیں، رشتے ختم ہو سکتے ہیں مگر احترام باقی رہنا چاہیے۔
احد رضا میر اور سجل علی کی علیحدگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک رشتہ نہیں چل سکتا تھا تو وہ ختم ہوگیا اور اس کے ختم ہونے کی کچھ بھی وجوہات ہوسکتی ہیں۔
آصف رضا میر کے مطابق وہ دونوں انسان ہیں اور انسانوں کے رشتے بنتے اور ٹوٹتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ رشتے ختم ہونے سے انسان کی زندگی رک جاتی ہے یا وہ کچھ کرنے کے قابل نہیں رہتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج اس نے میرے ساتھ کام کیا ہے، سجل کا یہ قدم حوصلے اور ذہانت کا غماز ہے اور ہم دونوں نے اس پراجیکٹ کے ذریعے سے ماضی کو پیچھے چھوڑ کر فن کی راہ پر چلنے کا عزم کیا۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں احد رضا میر اور سجل علی ایوارڈز کی تقریب میں ایک ہی مقام پر موجود تھے۔
اس ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے آصف رضا میر نے کہا کہ ہماری فیملی میں اتنی پختگی ہے کہ ہم سوشل میڈیا کی افواہوں اور باتوں کو سنجیدہ نہیں لیتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رشتے بننا اور ٹوٹنا زندگی کا حصہ ہیں، اصل عظمت یہ ہے کہ پرانے زخموں کو نہ کُریدا جائے بلکہ وقار سے آگے بڑھا جائے۔
واضح رہے کہ احد رضا میر اور سجل علی نے مارچ 2020 میں شادی کی تھی، تاہم مارچ 2022 میں ان کے درمیان طلاق کی خبریں سامنے آئیں۔
اگرچہ دونوں نے خود طلاق کی خبروں پر تین سال گزر جانے کے باوجود بھی کوئی بات نہیں کی، تاہم دیگر شوبز شخصیات وقتا بوقتا ان کی شادی ٹوٹنے کی بات کرتی رہتی ہیں۔
اب پہلی بار احد رضا میر کے والد نے بیٹے کی طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے سابقہ بہو کے ساتھ اپنے تعلقات پر بھی بات کی۔