بنگلہ دیش کیخلاف ٹی20 سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان

شائع May 21, 2025
— فائل فوٹو: پی سی بی
— فائل فوٹو: پی سی بی

بنگلہ دیش کے خلاف 3 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا جس میں بابراعظم اور محمد رضوان کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے بنگلہ دیش کے خلاف اسکواڈ میں حالیہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔

پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے صاحبزادہ فرحان، عرفان خان نیازی، حسن علی، فہیم اشرف، محمد وسیم جونیئر کو موقع دیا گیا ہے جب کہ انجری سے چھٹکارا پانے والے صائم ایوب اور فخرزمان کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

قومی اسکواڈ

سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد عرفان خان، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر) اور صائم ایوب۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کے تینوں ٹی 20 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، یہ میچز 28 ، 30 مئی اور یکم جون کو کھیلے جائیں گے۔

حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے بعد بھارتی پروپیگنڈے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے دبئی میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور صدر سے ملاقات کرکے ان کو دورہ پاکستان کے لیے قائل کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025