ایس ای سی پی نے انشورنس فرم کا گارنٹی کاروبار معطل کردیا

شائع May 22, 2025
—فائل فوٹو: گوگل
—فائل فوٹو: گوگل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے یونائیٹڈ انشورنس کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ کے گارنٹی کاروبار کو معطل کرتے ہوئے کمپنی کو نئی گارنٹیز جاری کرنے یا موجودہ گارنٹیز کی تجدید سے روک دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ کمپنی کو جاری کردہ شوکاز نوٹس کے بعد کیا گیا۔ یونائیٹڈ انشورنس نے گزشتہ سال 21 فروری کو لاہور ہائی کورٹ سے حکم امتناعی حاصل کیا تھا، تاہم رواں سال 10 اپریل کو عدالت نے کمپنی کی جانب سے دائر درخواست کو میرٹ سے عاری قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

یونائیٹڈ انشورنس نے دانستہ طور پر مختلف حیلوں بہانوں سے وقت کے ساتھ ساتھ کال شدہ گارنٹیز کی کیش ادائیگی سے انکار کیا، جس کے نتیجے میں دسمبر 2023 تک 2.2 ارب روپے کی ضمانتیں جمع ہوگئیں۔ مزید برآں، 2024 اور 2025 کے دوران 82 کروڑ 20 لاکھ روپے کی اضافی شکایات موصول ہوئیں، جن میں گارنٹیز کی عدم ادائیگی کی نشان دہی کی گئی۔

متعدد مواقع فراہم کیے جانے کے باوجود یونائیٹڈ انشورنس اپنے گارنٹی کاروبار کو جاری رکھنے کے لیے مطلوبہ ریگولیٹری تقاضوں پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہی۔

کمپنی نے ایک گارنٹی کی تصفیے سے متعلق کارروائی کے دوران ایس ای سی پی کو تقریباً 1 ارب روپے کی رقم سے متعلق مادی طور پر غلط معلومات فراہم کیں۔ اس غلط بیانی کا معاملہ ایس ای سی پی آرڈیننس کی متعلقہ دفعات کے تحت الگ سے نمٹایا جائے گا۔

پالیسی اور گارنٹی ہولڈرز کے مفادات کے تحفظ اور انشورنس سیکٹر میں عوامی اعتماد کے استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے ایس ای سی پی نے یونائیٹڈ انشورنس کے گارنٹی کاروبار کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کو نئی گارنٹیز جاری کرنے یا موجودہ گارنٹیز کی تجدید (رولنگ) سے سختی سے روک دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 3 جولائی 2025
کارٹون : 2 جولائی 2025