کراچی میں آج سے گرمی کی شدت بڑھنے، سمندری ہوائیں بند رہنےکا امکان

شائع May 25, 2025
اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سندھ حکومت سے ہیٹ ویو سے بچنے کے انتظامات کا مطالبہ کیا ہے
—فائل فوٹو:
اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے سندھ حکومت سے ہیٹ ویو سے بچنے کے انتظامات کا مطالبہ کیا ہے —فائل فوٹو:

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج سے گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے، تیز دھوپ کے ساتھ سمندری ہوائیں بند رہنےکا امکان ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں شہر قائد کا موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری تک جاسکتا ہے، سمندر کے قریبی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک محسوس ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔

ہیٹ ویو پر سندھ حکومت انتظامات کرے، اپوزیشن لیڈر

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کراچی میں بڑھتی ہوئی گرمی اور ہیٹ ویو کے خدشے پر حکومت سندھ سے خاطر خواہ انتظامات کا مطالبہ کردیا۔

خورشیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت سرکاری ہسپتالوں میں مناسب انتظامات کرے، تاکہ ہیٹ اسڑوک کےشکار شہریوں کو فوری طبی امداد ملے۔

انہوں نے کہا کہ مصروف شاہراہوں پر ہیٹ اسڑوک سے بچائو کے کیمپ لگائے جائیں، محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی ایڈوائزری جاری کی ہے، تاہم سندھ حکومت کچھ نہیں کررہی۔

قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے کہا کہ حکومت شہر قائد میں بڑھتے ہوئے بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹریفک پولیس کی نفری بڑھائے، مصروف شاہراہوں پر ہیٹ اسڑوک سے بچائو کے کیمپ لگائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے تمام محکمے بشمول محکمہ صحت، بلدیات، پولیس اور بلدیاتی ادارے ایسی صورتحال میں اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں اور شہریوں کو ریلیف فراہم کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 15 مئی کو محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں سال 2025 کی پہلی ہیٹ ویو کے حوالے سے انتباہ جاری کیا گیا تھا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ بڑھ جائے گا اور یہ صورتحال 3 سے 4 دن برقرار رہ سکتی ہے۔

وسطی اور بالائی پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 15 سے 19 مئی کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پشگوئی کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 25 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025