آن لائن رائڈر کے بھیس میں ڈاکو نے بزرگ کو لوٹ لیا، شہری دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق
راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کالا خان میں آن لائن رائڈر کے بھیس میں ڈاکو نے بزرگ شہری کو لوٹ لیا تاہم بزرگ یہ صدمہ برداشت نہ کرسکا اور دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق راولپنڈی میں ایک آن لائن رائیڈر پانی پینے کے بہانے گھر میں داخل ہوا اور بزرگ شہری پر اسلحہ تان لیا، ڈکیتی کے دوران بزرگ شہری دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔
اس دوران، ڈاکو نے اسلحہ کی نوک پر سب کو یرغمال بنا لیا اور گھر سے سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہوگیا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرمی اور پیاس کا بہانہ بناکر ملزم نے گھر میں داخل ہوتے ہی اسلحہ تان لیا، علاقہ مکینوں کی شکایت پر تھانہ صادق آباد پولیس موقع پر پہنچ گئی جب کہ واقعے سے متعلق تفتیش جاری ہے۔