حافظ عبدالکریم مرکزی جمعیت اہل حدیث کے نئے امیر منتخب
سیاسی و مذہبی رہنما حافظ عبدالکریم کو مرکزی جمعیت اہل حدیث (جے اے ایچ) کا نیا امیر منتخب کرلیا گیا۔
ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق 3 مئی کو سابق امیر پروفیسر ساجد میر کے انتقال کے بعد یہ عہدہ خالی ہوا تھا، جس کے بعد حافظ عبدالکریم کو بلامقابلہ اس منصب کے لیے منتخب کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے حافظ عبدالکریم کو نئے امیر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ (ن) نے حافظ عبدالکریم کو، جو اس سے قبل مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سیکریٹری جنرل بھی رہے ہیں، سینیٹ کی اُس نشست کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے جو پروفیسر ساجد میر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق، پارٹی کے صدر نواز شریف نے پہلے مرحلے میں ساجد میر کے بیٹے احمد میر کو یہ نشست دینے کی پیشکش کی تھی، تاہم انہوں نے یہ پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ بعد ازاں، پارٹی نے حافظ عبدالکریم کو سینیٹ کی اس خالی نشست کے لیے نامزد کیا۔
حافظ عبدالکریم اس سے قبل مارچ 2018 سے مارچ 2024 تک پنجاب سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سینیٹر رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ جون 2013 سے 2018 تک قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے اور 2017 میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں وزیر مواصلات کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ممتاز مذہبی و سیاسی رہنما پروفیسر ساجد میر رواں ماہ کے آغاز میں 86 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ ان کی تدفین ان کے آبائی علاقے سیالکوٹ میں کی گئی۔
پروفیسر ساجد میر 2021 میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے، جو ان کا پانچواں انتخاب تھا، وہ اس سے قبل مارچ 2009 سے مارچ 2015 تک بھی سینیٹر رہ چکے تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب سے سینیٹ کی اس خالی جنرل نشست پر انتخاب 29 مئی کو ہوگا۔











لائیو ٹی وی