عدالت کا عمران خان کے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ دوبارہ کرانے کا حکم

شائع May 26, 2025
فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ دوبارہ کرانے کا حکم دے دیا۔

بانی پی ٹی آئی کے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی درخواست میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ اور پولی گرافک ٹیسٹ دوبارہ کروانے کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پراسیکیوشن نے بانی پی ٹی آئی کا جواب جمع کرایا، جس میں ڈی ایس پی لیگل نے موقف اپنایا کہ جب تک یہ ٹیسٹ نہیں ہوں گے، تفتیش مکمل نہیں ہو سکے گی۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی افسران بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون کریں گے اور انصاف ہوتا نظر آئے گا، اور یہ کہ بانی پی ٹی آئی کو بھی تفتیشی افسران کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

عدالت نے پراسیکیوشن کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے فوٹو گرامیٹک اور پولی گرافک ٹیسٹ کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے پولیس سے 9 جون کو رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی سے تفتیش اور ٹیسٹ کے لیے لاہور پولیس کی 13 رکنی ٹیم دو دن سے راولپنڈی میں موجود تھی، تفتیشی ٹیم نے 9 مئی کے لاہور کے 11 مقدمات کے حوالے سے تفتیش کرنی تھی، تاہم عمران خان نے 9 مئی کے مقدمات میں شامل تفتیش ہونے اور پولی گرافک، فوٹوگرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا تھا۔

پس منظر

یاد رہے کہ 14 مئی کو لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانے کی اجازت دی تھی۔

9 مئی کے مقدمات میں پولیس نے عمران خان کا پولی گرافک اور فوٹوگرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کے لیے پراسیکیوشن نے انسداد دہشت گردی عدالت میں باقاعدہ درخواست جمع کرائی تھی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے 9 مئی واقعات کے حوالے سے سچائی جانچنے کے لیے پولی گرافک سمیت دیگر ضروری سائنسی ٹیسٹ کروائے جانا اہم ہے۔

تاہم، عدالت میں سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے درخواست کی سخت مخالفت کی تھی۔

ابتدائی دلائل میں ان کا کہنا تھا کہ 2 سال بعد ایسی درخواست دائر کرنا بدنیتی پر مبنی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 جون 2025
کارٹون : 14 جون 2025