• KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 21.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 17.3°C

ماحولیاتی تبدیلیوں سے خواتین میں کینسر بڑھنے کا انکشاف

شائع May 27, 2025
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

ماحولیاتی تبدیلیوں سے جہاں دیگر امراض بڑھنے کا امکان ہوتا ہے، وہیں اب ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سخت ماحولیاتی تبدیلیوں سے خصوصی طور پر خواتین میں کینسر ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

طبی ویب سائٹ میں شائع تازہ تحقیق کے مطابق مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے متعدد ممالک میں درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ خواتین میں بریسٹ، اووری، یوٹیرین اور سروائیکل کینسر کے کیسز اور ان سے ہونے والی اموات میں اضافہ دیکھا گیا۔

تحقیق میں شامل 17 ممالک میں الجزائر، بحرین، مصر، ایران، عراق، اردن، کویت، لبنان، لیبیا، مراکش، عمان، قطر، سعودی عرب، شام، تیونس، متحدہ عرب امارات اور فلسطین تھے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافہ خواتین میں کینسر کی شرح اور اموات میں معمولی مگر مسلسل اضافے کا سبب بن رہا ہے جو وقت کے ساتھ ایک بڑے صحت کے بحران کی شکل اختیار کرسکتا ہے۔

تحقیق میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خوراک اور پانی کی قلت، فضائی آلودگی اور قدرتی آفات جیسے مسائل جنم لے رہے ہیں جو نہ صرف صحت کے نظام کو متاثر کرتے ہیں بلکہ کینسر جیسے مہلک امراض کے امکانات کو بھی بڑھاتے ہیں۔

یہ عوامل نہ صرف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں بلکہ بروقت تشخیص اور علاج میں بھی رکاوٹ بنتے ہیں، خاص طور پر کمزور طبقات کے لیے۔

تحقیق کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ خواتین میں درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ بریسٹ اور اووری کینسر کی شرح میں خاص طور پر اضافہ ہو رہا ہے، اگرچہ یہ اضافہ فی الحال معمولی ہے، تاہم طویل مدت میں یہ خواتین کی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔

ماہرین نے اس تحقیق کی روشنی میں کچھ اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے، جن میں ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے اقدامات، صحت مند طرزِ زندگی اپنانا، متوازن غذا کا استعمال، باقاعدگی سے ورزش کرنا اور تمباکو نوشی سے پرہیز کرنا شامل ہے۔

یہ تحقیق ماحولیاتی تبدیلیوں اور انسانی صحت کے درمیان تعلق پر ایک نئی روشنی ڈالتی ہے اور یہ باور کراتی ہے کہ ہمیں اپنی صحت کی حفاظت کے لیے ماحولیاتی تحفظ کو بھی سنجیدگی سے لینا ہوگا۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025