ٹرمپ انتظامیہ کا چینی طلبہ کے ویزے جارحانہ انداز میں منسوخ کرنے کا اعلان

شائع May 29, 2025
— فائل فوٹو: دی گارجین
— فائل فوٹو: دی گارجین

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین کے طلبہ کے ویزے جارحانہ انداز میں منسوخ کرے گی۔

برطانوی نشریاتی اداراے ’بی بی سی‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ اقدام صرف چینی کمیونسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے یا اہم اور حساس شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے چینی طلبا پر لاگو ہوگا۔

چین اور امریکا کے تعلقات حالیہ مہینوں میں شدید کشیدگی کا شکار ہوئے ہیں، خاص طور پر جب ٹرمپ کی جانب سے درآمدات پر محصولات لگانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ چھڑ گئی۔

گزشتہ سال تقریباً 2 لاکھ80 ہزار چینی طلبہ امریکا میں تعلیم حاصل کر رہے تھے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان میں سے کتنے طلبہ اس نئے فیصلے سے متاثر ہوں گے۔

چین نے اس فیصلے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ تعمیری تعلقات کی راہ اپنائے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بدھ کو اپنے بیان میں کہا کہ اس منصوبے کے تحت مستقبل میں چین اور ہانگ کانگ سے ویزا درخواست دہندگان کی جانچ پڑتال کے معیار کو بھی مزید سخت کیا جائے گا۔

ماضی میں امریکی جامعات میں داخل بین الاقوامی طلبہ کی اکثریت چینی شہریوں پر مشتمل ہوتی تھی، تاہم حالیہ برسوں میں اس رجحان میں کمی آئی ہے، امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس کمی کی وجوہات میں کرونا وبا کے دوران عائد پابندیاں اور چین و امریکا کے بگڑتے تعلقات شامل ہیں۔

پیر کو مارکو روبیو نے دنیا بھر میں امریکی سفارت خانوں کو ہدایت کی کہ وہ اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے نئے انٹرویوز کا شیڈول بنانا بند کر دیں، کیونکہ محکمہ خارجہ ایسے درخواست دہندگان کی سوشل میڈیا جانچ پڑتال کو وسعت دینے کی تیاری کر رہا ہے، چین نے اس اقدام کی بھی مخالفت کی تھی۔

مارکو روبیو نے بدھ کو جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں امریکی محکمہ خارجہ، محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی کے ساتھ مل کر ان چینی طلبہ کے ویزے جارحانہ انداز میں منسوخ کرے گا جن کا تعلق چینی کمیونسٹ پارٹی سے ہے یا جو اہم شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوامی جمہوریہ چین اور ہانگ کانگ سے مستقبل میں آنے والی تمام ویزا درخواستوں کی جانچ کے معیار کو بھی سخت کریں گے۔

ٹرمپ انتظامیہ اس سے قبل بھی کئی غیر ملکی طلبہ کو ملک بدر کرنے کی کوشش کر چکی ہے اور ہزاروں ویزے منسوخ کر چکی ہے، تاہم ان میں سے کئی اقدامات عدالتوں میں روک دیے گئے۔

انتظامیہ نے امریکی جامعات کی فنڈنگ میں بھی کروڑوں ڈالر کی کٹوتی کی ہے، صدر ٹرمپ نے امریکا کی چند اعلیٰ جامعات، جیسے ہارورڈ، کو حد سے زیادہ آزاد خیال قرار دیا ہے اور ان پر کیمپس میں یہود دشمنی کے خلاف مؤثر اقدامات نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی جامعات کی آمدنی کا بڑا حصہ غیر ملکی طلبہ سے آتا ہے، کیونکہ وہ عام طور پر مقامی طلبہ کی نسبت زیادہ فیس ادا کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025