خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں اور آندھی سے ماں بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق، 10 زخمی

شائع May 29, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں طوفانی جھکڑوں اور بارشوں سے متعلقہ واقعات میں 4 افراد جاں بحق اور 10 دیگر زخمی ہو گئے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق ضلع مہمند اور ضلع مردان سے اموات کی اطلاعات موصول ہوئیں، جہاں کئی دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ واقعات میں بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے۔

بلاول احمد فیضی نے بتایا کہ ضلع مہمند کی تحصیل صافی کے علاقے خانقہ میں ایک ماربل کی کان پر آسمانی بجلی گری، جس سے 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال نواگئی منتقل کر دیا گیا، جبکہ لاشیں طبی قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

متوفین کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی مینا گل اور محمد رفیق کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمی کی شناخت باجوڑ کے رہائشی جمیل خان کے نام سے ہوئی۔

مردان میں، تخت بھائی اسلام آباد کالے میں چھت گرنے سے ماں اور بیٹی کی موت کی اطلاع ملی، ان کی لاشیں مقامی ٹرانسپورٹ کے ذریعے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

اسلام آباد کلے میں ایک اور جگہ موسلادھار بارش کے دوران دیوار گرنے سے ایک لڑکی شدید زخمی ہو گئی، ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور اسے ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا۔

اسی طرح مردان کے علاقے کاٹلنگ قاسمی میں دیوار گرنے سے 60 سالہ خاتون حسین بادشاہ شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے ہسپتال منتقل کیا۔

اخوان بابا میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے دو بچے شدید زخمی ہو گئے، بخشیالی چمڈھیری روڈ پر دیوار گرنے سے 15 سالہ عبدالسلام شدید زخمی ہو گیا، تینوں کو ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ایم ایم سی ہسپتال منتقل کیا۔

اسی طرح مانگہ میں دیوار گرنے سے 3 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے ہسپتال منتقل کیا۔

جبل مدرسہ کے قریب گیٹ گرنے سے 38 سالہ خاتون بخت منیر شدید زخمی ہو گئیں، ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں ہسپتال منتقل کیا۔

رستم پیشکندو میں دیوار گرنے سے 40 سالہ خاتون شدید زخمی ہو گئیں جنہیں ہسپتال پہنچایا گیا۔

ایک مقامی رہائشی سہیل اصغر نے بتایا کہ ضلع سوات کے بالائی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی، جس سے علاقے میں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔

مردان میں رستم پلو ڈھیری، بخشالی، دوبئی اڈہ اور کئی مقامات پر درخت گرنے سے سڑکیں بند ہوگئیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈیزاسٹر ٹیمیں اور مقامی افراد سڑکیں کھولنے میں مصروف ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی، محکمہ موسمیات نے کل شام بھی جڑواں شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

سوات، مانسہرہ اور ان کے گردونواح کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2025
کارٹون : 22 دسمبر 2025