نور زمان کی برٹش اوپن فائنل میں شاندار پیش قدمی، مین راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا
پاکستانی اسکواش کھلاڑی نور زمان نے برمنگھم میں جاری برٹش اوپن میں مصر کے کریم التور کو 1-3 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
واضح رہے کہ دونوں کھلاڑیوں کا مقابلہ ایک ماہ قبل بھی ہوا تھا، جہاں نور زمان نے کریم التور کے خلاف ایک سنسنی خیز مقابلے میں 2-3 سے کامیابی حاصل کی تھی اور انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپیئن شپ اپنے نام کی تھی۔
گزشتہ روز، عالمی رینکنگ میں 44ویں نمبر پر موجود نور زمان نے برمنگھم کے سولیہل آرڈن کلب میں ہونے والے مقابلے میں مصری حریف کو 46 منٹ کے سخت مقابلے کے بعد 5-11، 8-11، 11-3، 7-11 سے شکست دی۔
میچ کے بعد نور زمان نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ! 20 سال بعد میں برٹش اوپن کے مین راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرنے والا پہلا پاکستانی بن گیا۔
برٹش اوپن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق نور زمان نے فکسچر کے آغاز میں کورٹ کے اگلے اور پچھلے حصے میں اپنی رینج تلاش کی اور ابتدائی دو گیمز جیت کر 0-2 کی برتری حاصل کی۔
تیسرے گیم میں مصری کھلاڑی نے زبردست واپسی کی اور زمان کی غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 3-11 سے کامیابی حاصل کی، چوتھا گیم خاصا مسابقتی رہا، اسکور 5-5 تک برابر رہا تھا، تاہم نور زمان نے دو پوائنٹس کی برتری حاصل کی اور 46 منٹس کے اندر 7-11 سے گیم اور میچ جیت لیا۔
برٹش اوپن کا مین راؤنڈ 31 مئی سے شروع ہوگا، جہاں نور زمان یکم جون کو انگلینڈ کے کرٹس ملک کے خلاف میدان میں اتریں گے۔
جمعرات کے روز کوالیفائی کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں ویلز کے ایمیر ایونز، مصر کے مصطفیٰ ایلسرٹی اور جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ وین نیکرک شامل ہیں۔
یہ ڈائمنڈ لیول ایونٹ ہے، جس میں مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز میں ہر ایک کے لیے 3 لاکھ 48 ہزار 500 ڈالر کی انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔
یکم مئی تک کی رینکنگ کے مطابق نور زمان پاکستان میں مردوں کی سینئیر کیٹیگری میں تیسرے نمبر پر ہیں۔