آرمی چیف کشمیر اور فلسطین پر کردار ادا کریں، حافظ نعیم

شائع June 1, 2025
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ 78 برس سے کشمیر کا خون بہتا دیکھ رہی ہے، آرمی چیف سے مطالبہ ہے کشمیر اور فلسطین پر بھی کردار ادا کریں۔

ڈان نیوز کے مطابق حیدرآباد میں ’ اسرائیل بھارت مردہ باد’ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اقوام متحدہ 78 برس سے کشمیر کا خون بہتا دیکھ رہی ہے، اقوام متحدہ کا کیا فائدہ ہے جونسل کشی نہ روک سکے۔

انہوں نے کہا کہ اصل چیز کمشیر کی قربانی ہے اس کا سودا نہیں کرنے دیں گے، کوئی مذاکرات قابل قبول نہیں صرف کشمیر پر بات ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آرمی چیف سے مطالبہ ہے کشمیر اور فلسطین پر بھی کردار ادا کریں، پاکستان کو ترکیہ سے بات کرنا ہوگی اور چین کو ساتھ ملانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جانا چاہیے، یہ مسئلہ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہونا چاہیے، جنوبی افریقہ نے اسرائیل کو بے نقاب کیا اور ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو فلسطین کا مقدمہ لڑنے کی جرأت نہیں ہوتی، پاکستان تمام مسلم امہ اور فوجی سربراہان کا اجلاس بلائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ بھارت کی اصلیت کو دنیا کے سامنے لائے، بھارت کے ساتھ تجارت سے زیادہ، ہمیں کشمیر اور پانی کے مسائل پر بات کرنی ہو گی، اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیر کے مسئلے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ بھارت کی حیثیت اب دنیا میں ختم ہوتی جارہی ہے، بھارت نے حملہ کیا تو ہم نے ڈٹ کر جواب دیا، پاک افواج نے اپنا لوہا بنوایا،ہمارا ملک ابھر کےسامنے آیا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران نواز شریف بلکل خاموش تھے، حکومتی وزرا کہتے ہیں کہ ڈاکٹر قدیر کوئی لیڈر نہیں ہے، ڈاکٹر قدیر ایک شخص کا نہیں محسن پاکستان کا نام ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سندھ آج کل کچے کے ڈاکوؤں کا علاقہ بنا ہوا ہے، ہمیں پیپلز پارٹی کی کرپشن پر بھی شکایت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025