بلاول بھٹو نے وزن کم ہونے پر وضاحت دے دی
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پہلی بار اپنا وزن کم ہونے پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ورزش اور طرز زندگی تبدیل کرکے اپنا وزن کم کیا۔
بلاول بھٹو زرداری کے وزن میں گزشتہ برس اچانک کمی دیکھی گئی، جس کے بعد یہ افواہیں بھی رہیں کہ انہیں کوئی طبی مسئلہ لاحق ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا وزن اچانک کم ہونے پر سوشل میڈیا پر افواہیں تھیں کہ پی پی چیئرمین کو مبینہ طور پر ذیابیطس لاحق ہے، تاہم انہوں نے اب پہلی بار اپنا وزن کم ہونے پر کھل کر گفتگو کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں نیوز کانفرنس کے دوران صحافیوں کی جانب سے وزن کم ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر بتایا کہ انہوں نے اپنا طرز زندگی تبدیل کیا۔
انہوں نے صحافیوں کو بھی وزن کم کرنے کا فارمولہ بتاتے ہوئے انہیں تجویز دی کہ وہ بھی چینی اور روٹی کا استعمال کم کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی تجویز دی کہ بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے جم جایا جانا چاہیے۔
پی پی چیئرمین کی جانب سے اپنا وزن کم ہونے سے متعلق کی گئی وضاحت کی مختصر ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
بعض صارفین نے دعویٰ کیا کہ بلاول بھٹو زرداری ممکنہ طور پر وزن کم کرنے کے لیے ’اوزمپک‘ نامی دوا کا استعمال کر رہے ہیں، جس سے انسان کے چہرے اور جسامت کے خدو خال تبدیل ہوکر کسی ضعیف شخص کی طرح نظر آنے لگتے ہیں۔
کچھ افراد نے یہ بھی لکھا کہ بلاول بھٹو زرداری کا چہرہ بھارتی فلم ساز کرن جوہر کی طرح ہوگیا ہے، جو کہ وزن کم کرنے کے لیے ’اوزمپک‘ استعمال کر رہے ہیں۔












لائیو ٹی وی