کراچی: ملیر جیل سے فرار ہوکر گھر پہنچنے والے قیدی نے خود کشی کرلی
کراچی کے علاقے ماڑی پور میں گھر سے پھندا لگی لاش ملی ہے، مبینہ طور پر خود کشی کرنے والا شخص ملیر جیل کا مفرور قیدی نکلا۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ماڑی پور میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک شخص نے گلے میں پھندا ڈال کر خود کشی کرلی، ریسکیو ورکرز نے ہلاک ہونے والے شخص کی لاش کو ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ماڑی پور میں خودکشی کرنے والا شخص ملیر جیل کا مفرور قیدی تھا، یہ مفرور قیدی عیدگاہ تھانے میں درج منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہوکر ملیر جیل گیا تھا۔
خود کشی کرنے والے مفرور قیدی کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی ہے، جس کے خلاف 30 مارچ 2022 کو مقدمہ درج ہوا تھا۔
واضح رہے کہ پیر کے روز ملیر جیل میں زلزلے کے دوران قیدیوں کو بیرکون سے نکالنے کے بعد 216 قیدی فرار ہوگئے تھے۔
پولیس اور متعلقہ ادارے ملیر ڈسٹرکٹ جیل سے فرار ہونے والے 216 قیدیوں میں سے باقی ماندہ 111 کی تلاش کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق بدھ کو حکام نے تصدیق کی کہ اب تک 105 قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کیا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب 216 قیدی فرار ہوئے جن میں سے ابتدائی طور پر 83 کو منگل کی شب تک گرفتار کر لیا گیا تھا۔
بدھ کو وزیرِ جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے ملیر جیل کا دورہ کیا، اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ اب تک 105 قیدی واپس آ چکے ہیں، جب کہ 111 اب بھی فرار ہیں، سیکیورٹی سخت کرنے کے بعد قیدیوں سے اہل خانہ کی ملاقاتوں کا سلسلہ بحال کر دیا گیا ہے۔