قومی اسمبلی کا 16 واں اجلاس: وزیراعظم ایک اور قائد حزب اختلاف دو نشستوں میں شریک ہوئے، رپورٹ
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے 16 ویں اجلاس میں صرف 45 (14 فیصد) اراکین اسمبلی نے تمام نشستوں میں شرکت کی، وزیراعظم ایک اور قائد حزب اختلاف 2 نشستوں میں شریک ہوئے۔
فافن کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق انتخابی، پارلیمانی، اور حکومتی عمل کی نگرانی اور جائزہ لینے کیلئے کے قائم سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نیٹ ورک، فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے دوسرے پارلیمانی سال میں قومی اسمبلی کے 16 ویں اجلاس میں اراکین اسمبلی کی شرکت سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
فافن کی رپوٹ کے مطابق 5 سے 22 مئی تک جاری رہنےو الے قومی اسمبلی کے 13 نشستوں پر مشتمل 16 ویں اجلاس میں 45 اراکین قومی اسمبلی نے تمام نشستوں میں شرکت کی، یعنی صرف 14 اراکین تمام نشستوں میں شریک ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق 27 اراکین قومی اسمبلی ایسے تھے جنہوں نے اجلاس کی کسی بھی نشست میں شرکت نہیں کی، یہ تناسب 9 فیصد بنتا ہے۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے اجلاس کی ایک نشست میں شرکت کی جبکہ قائد حزب اختلاف دو نشستوں میں شریک ہوئے۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے 16 ویں اجلاس کی پہلی نشست میں سب سے زیادہ 237 (76 فیصد) ممبران قومی اسمبلی موجود تھے۔
اجلاس کی آخری نشست میں 174 (55 فیصد) نے شرکت کی، یہ تعداد تمام نشستوں میں سب سے کم تھی۔
رپورٹ کے مطابق 268 (86 فیصد) ایم این ایز نے اجلاس کے دوران کم از کم ایک نشست چھوڑی، جبکہ اجلاس کے دوران 118 (268 کا 44 فیصد) ایم این ایز نے رخصت کی درخواستیں جمع کروائیں۔
رپورٹ کے مطابق 150 (268 کا 56 فیصد) ایم این ایز نے ایوان کی کارروائی کو بغیر کسی پیشگی رسمی چھٹی کی درخواست کے چھوڑ دیا۔
کابینہ کے اراکین میں سے، چار وفاقی وزرا نے تمام نشستوں میں شرکت کی، جبکہ تین ریاستی وزراء نے اپنے گروپ میں سب سے زیادہ حاضری دی، انہوں نے 13 میں سے 10 نشستوں میں شرکت کی۔