کوہاٹ: سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر عباس آفریدی گیس لیکیج دھماکے میں جھلس کر جاں بحق

شائع June 6, 2025
— فائل فوٹو: فیس بک/عباس آفریدی
— فائل فوٹو: فیس بک/عباس آفریدی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما، سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر عباس آفریدی گیس لیکیج کے باعث ہونے والے دھماکے میں جھلسنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے، واقعے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فہیم نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ان کی ٹیم نے عباس آفریدی اور دیگر زخمیوں کو دھماکے کے فوری بعد کوہاٹ کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا، جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پنجاب کے شہر کھاریاں میں واقع برن سینٹر لے جایا گیا۔

کوہاٹ پولیس کے ترجمان نعمان علی کے مطابق عباس آفریدی کی حالت تشویشناک تھی اور وہ دورانِ علاج دم توڑ گئے، ان کی میت کوہاٹ منتقل کر دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے دیگر 3 افراد کو ڈویژنل ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے ترجمان کے مطابق سابق وفاقی وزیر عباس آفریدی اپنے دوستوں دل نواز، جاوید آفریدی اور ندیم کے ہمراہ حجرے میں موجود تھے کہ گیس لیکیج کے باعث زور دار دھماکا ہوا، دھماکے کی شدت سے حجرے کی دیواریں بھی منہدم ہو گئیں۔

عباس آفریدی کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے کوہاٹ کے علاقے بابری بانڈہ میں ادا کی جائے گی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عباس آفریدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے مرحوم کے والد سینیٹر شمیم آفریدی، بھائی اور پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات امجد آفریدی اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب اس غم کی گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں۔

گورنر نے واقعے کی اطلاع ملنے پر اعلیٰ حکام کو ہدایت دی کہ دھماکے کی نوعیت کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین زاہد خان نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عباس آفریدی کو ایک ملنسار اور مخلص شخصیت قرار دیا۔

کارٹون

کارٹون : 28 جون 2025
کارٹون : 27 جون 2025