جولائی تا مئی: پاکستان کو 34.9 ارب ڈالر کی ریکارڈ ترسیلات زر موصول

شائع June 11, 2025
— فائل فوٹو: رائٹرز
— فائل فوٹو: رائٹرز

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے رواں مالی سال 25-2024 کے ابتدائی 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران ریکارڈ 34.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں موصول ہونے والی 27.1 ارب ڈالر کے مقابلے میں 28.8 فیصد زیادہ ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مئی 2025 میں پاکستان کو 3.7 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، یہ سالانہ بنیادوں پر 13.7 فیصد کا اضافہ ہے جبکہ گزشتہ مہینے کے مقابلے یہ اضافہ 16 فیصد رہا، جب 3.18 ارب ڈالر کی رقوم موصول ہوئی تھیں۔

مالی سال 2025 کے جولائی تا مئی کے دوران مجموعی طور پر 34.9 ارب ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جو گزشتہ مالی سال 2024 کی اسی مدت میں موصول ہونے والی 27.1 ارب ڈالر کے مقابلے میں 28.8 فیصد زیادہ ہیں۔

 — فوٹو: ایس بی پی
— فوٹو: ایس بی پی

تفصیلات کے مطابق مئی 2025 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ 91 کروڑ 39 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر بھیجیں، جو اپریل کے مقابلے میں 26 فیصد کا اضافہ ہے۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے بھیجی گئی رقوم ماہانہ بنیادوں پر 16 فیصد اضافے سے 75 کروڑ 42 لاکھ ڈالر رہیں، اپریل میں 65 کروڑ 26 لاکھ ڈالر بھیجے گئے تھے۔

مرکزی بینک کے مطابق برطانیہ سے مئی میں 58 کروڑ 81 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، جبکہ امریکا سے 31 کروڑ 47 لاکھ ڈالر بھیجے گئے، جو ماہانہ بنیاد پر 4 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

اسی طرح دیگر خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک، جن میں بحرین، کویت، قطر اور عمان شامل ہیں، میں مقیم پاکستانیوں نے 36 کروڑ 16 لاکھ ڈالر بھیجے، یہ گزشتہ مہینے اپریل کے مقابلے میں 24.511 فیصد کا اضافہ ہے، جب 29 کروڑ سے زائد رقم موصول ہوئی تھی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مئی 2025 کے دوران ترسیلات زر میں اضافہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ حکومت پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر سمندر پار پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025