• KHI: Partly Cloudy 23.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 23.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.8°C

کراچی کے مختلف علاقوں میں بونداباندی سے موسم خوشگوار

شائع June 15, 2025
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اتوار کی شام سہراب گوٹھ،گلشن معمار اور سرجانی میں بونداباندی ہوئی جس سے ان علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ گلشن اقبال اور اطراف میں گرد آلود ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے پیر کو کراچی میں کل ( پیر کو ) گرج چمک کے ساتھ بارش اور گرد آلود آندھی کی پیش گوئی کی تھی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے اور مشرقی سندھ میں مرطوب ہوائیں داخل ہو رہی ہیں۔

شہر بھر میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 80 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔

موسمیاتی ایڈوائزری کے مطابق پیر کو کراچی ڈویژن میں گرد آلود آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ منگل کو کراچی ڈویژن کے مضافاتی علاقوں میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے۔

اس سسٹم کے زیر اثر گھوٹکی، سکھر، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، مٹیاری، ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور جامشورو میں کہیں کہیں گرد آلود آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 16 اور 17 جون کو ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کے ساتھ گرد آلود آندھی کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں ہر سال مون سون بارشیں شہری زندگی کو درہم برہم کر دیتی ہیں اور عوامی تحفظ کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔

گزشتہ سال اگست میں میئر کراچی نے بارش سے قبل ایمرجنسی نافذ کر دی تھی تاکہ انتظامی اقدامات کیے جا سکیں، پانچ دن تک جاری رہنےو الی بارش نے شہر میں تباہی مچا دی تھی، سڑکیں بہہ گئی تھیں اور شہری نظام مفلوج ہو کر رہ گیا تھا۔

گزشتہ ماہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارشوں کے باعث کم از کم 13 شہری جاں بحق اور 92 زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025