مقبوضہ علاقے چھوڑدیں، یہ مستقبل میں ناقابلِ رہائش ہوجائیں گے’ ایران کا اسرائیلی شہریوں کو انتباہ

شائع June 16, 2025
— فوٹو: تسنیم نیوز
— فوٹو: تسنیم نیوز

ایران نے صہیونیوں کو مقبوضہ علاقوں سے نکل جانے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ یہودی قابضین مقبوضہ علاقے چھوڑدیں، کیوں کہ یہی ان کی بقا کا واحد راستہ ہے، جرائم پیشہ لوگوں کو بطور انسانی ڈھال استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

تسنیم نیوز کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے ایک ترجمان کرنل رضا صیاد نے صیہونیوں کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے نکل جانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ خطے کا کوئی بھی حصہ ان کے لیے محفوظ نہیں رہے گا۔

مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے مواصلاتی مرکز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کے جنگجوؤں کے جواب کا دائرہ مقبوضہ علاقوں کے تمام حصوں پر محیط ہوگا، ان علاقوں کے رہائشیوں کو جاری کردہ انتباہات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور ان علاقوں کو خالی کر دینا چاہیے۔

کرنل رضا صیاد نے صہیونی حکومت کی جاری جارحانہ کارروائیوں کے جواب میں مقبوضہ علاقوں کے مکینوں کو یہ سخت انتباہ دیا۔

انہوں نے نیتن یاہو کی ’کرپٹ، مایوس اور مجرمانہ حکومت‘ کی ایران کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست کی یہ غلط فہمی ایران کی مسلح افواج کو ایک سبق آموز جواب دینے پر مجبور کر چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے جنگجوؤں کے جواب کا دائرہ مقبوضہ علاقوں کے تمام حصوں پر محیط ہوگا، ان علاقوں کے رہائشیوں کو جاری کردہ انتباہات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور انخلا کرنا چاہیے، کیونکہ مستقبل قریب میں یہ علاقے رہنے کے قابل نہیں رہیں گے۔

فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج کے پاس اب مقبوضہ علاقوں کے تمام اہم اور حساس مقامات کا ایک جامع ڈیٹا بیس موجود ہے اور وہ کسی بھی وقت کسی بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتی ہیں۔

انہوں نے مقبوضہ علاقوں کے مکینوں کو خبردار کیا کہ وہ چوکنا رہیں تاکہ مجرم صہیونی حکومت انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ صہیونی حکومت کا مجرم وزیر اعظم اپنے ذاتی اور خاندانی مفادات کے حصول میں مقبوضہ علاقوں کے مکینوں کی جان و مال اور سلامتی کو خطرے میں ڈال چکا ہے اور ایسے جرائم کا آغاز کر چکا ہے جو صرف اس حکومت کی شکست اور پچھتاوے پر ختم ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025