ایران نے گرفتار موساد ایجنٹ کو پھانسی دے دی

شائع June 16, 2025
— فائل فوٹو: ڈی ڈبلیو
— فائل فوٹو: ڈی ڈبلیو

ایران نے اسرائیل کی خفیہ تنظیم ’موساد‘ کے گرفتار ایجنٹ کو قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد پھانسی دے دی۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی عدلیہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا ہے کہ 2023 سے گرفتار ایک شخص کو پھانسی دے دی گئی ہے، مذکورہ شخص اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا ایجنٹ ہونے کے جرم میں سزا یافتہ تھا۔

عدلیہ کی سرکاری ویب سائٹ میزان آن لائن کا کہنا ہے کہ موساد کے ایجنٹ اسمٰعیل فکری کو زمین پر فساد پھیلانے اور ’محاربہ‘ (خدا کے خلاف جنگ) جیسے سنگین جرائم میں سزا سنائی گئی تھی۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق موساد کے ایجنٹ کو سزائے موت ایرانی سپریم کورٹ میں اپیل مسترد ہونے پردی گئی، سزائے موت پانے والے اسرائیلی ایجنٹ کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں ایران کے ایٹمی سائنسدانوں، فوجی کمانڈرز اور میزائل تنصیبات پر حملوں کے بعد ملک کے مختلف حصوں سے کئی اسرائیلی ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

ایرانی پولیس نے گزشتہ روز جنوبی تہران میں موساد کی ایک 3 منزلہ ورکشاپ کا بھی سراغ لگایا ہے جہاں سے 200 کلو بارود اور 23 ڈرونز سمیت دیگر آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں، اس کارروائی میں بھی موساد کے 2 ایجنٹوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025