• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

اس جنگ میں بھی پہلی جنگوں کی طرح کامیاب ہوں گے، ایرانی سفیر

شائع June 22, 2025
فائل فوٹو: سوشل میڈیا
فائل فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کے ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا، اپنا دفاع جاری رکھیں گے، اس جنگ میں بھی پہلی جنگوں کی طرح کامیاب ہوں گے، مسلم امہ کی حمایت حاصل ہے۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ امریکا اور اسرائیل کی طرف سے ایران پر حملہ سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دینا چاہتا ہوں۔

انہوں نےکہا کہ 13 جون کو امریکی وفد کے ساتھ مذاکرات طے تھے، اس کے باوجود اسرائیل نے بلااشتعال حملہ کیا اور ہمارے کمانڈرز، سائنس دانوں اور شہری آبادی کو شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ حملہ تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اسرائیل کی ناجائز حکومت نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے نیوکلیئر پروگرام پر حملہ کیا۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ ہمارے ایٹمی پروگرام پر پہلے سے سخت مانیٹرنگ ہے، صہیونی کی ناجائز ریاست نے این پی ٹی کا ممبر ہونے کے باجود ایران پر حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سپریم لیڈر نے اعلان کیا کہ ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال ممنوع ہے، ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال ہمارے دفاع میں شامل نہیں ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ ہمارے اوپر حملہ غزہ اور فلسطین سے متعلق واضح مؤقف رکھنے پر کیا گیا۔

انہوں نےکہا کہ آج صبح امریکا نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کیا، افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے امریکا نے اسرائیل کی مدد کی ہے۔

رضاامیری مقدم نے کہا کہ یو این چارٹر کے مطابق اپنے دفاع کا پورا حق رکھتے ہیں اور ہم اپنا دفاع جاری رکھیں گے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ ہم اس جنگ میں بھی پہلی جنگوں کی طرح کامیاب ہوں گے، ہمیں مسلم امت کی حمایت حاصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025