• KHI: Partly Cloudy 27.2°C
  • LHR: Cloudy 19.3°C
  • ISB: Rain 14.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 27.2°C
  • LHR: Cloudy 19.3°C
  • ISB: Rain 14.8°C

190ملین پاؤنڈ کیس:سزا کےخلاف اپیلوں پر سماعت نیب کی استدعا پر ملتوی

شائع June 26, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملتوی کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کی۔

اس موقع پر اسپیشل پراسیکیوٹر، عمران خان کی تینوں بہنیں، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، شبلی فراز اور دیگر رہنما عدالت میں موجود تھے۔

اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد ایڈووکیٹ نے کہا کہ کل پراسیکیوٹر تعینات ہوا ہوں، مجھے ریکارڈ پڑھنے کے لیے 4 ہفتوں کا وقت دیا جائے، سلمان صفدر نے نیب پراسیکیوٹر کو وقت دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر کو کتنا وقت لگے گا فیصلہ پڑھنے میں؟

قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے بیرسٹر سلمان صفدر کو ہدایت کی کہ اپنے ساتھ آئے وکلا کو کہیں بیٹھ جائیں، آپ مجھ پر پریشر ڈالنا چاہتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے سزا معطلی کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ وہ کیس کی اگلی تاریخ حکم نامے میں دیں گے۔

واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی کی استدعا کر رکھی ہے، 17 جنوری کو احتساب عدالت نے عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

کیس کا پس منظر

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈز یا القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا تھا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سیکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے، جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔

عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا۔

رقم (190 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025