• KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C
  • KHI: Clear 25.4°C
  • LHR: Partly Cloudy 18.3°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.1°C

جنوبی کوریا: امریکی طیارہ بردار جہاز اور نیول بیس کی غیرقانونی فلم بندی پر 2 چینی طلبہ گرفتار

شائع June 26, 2025
— فائل فوٹو: یو ایس نیول فورسز سینٹرل کمانڈ
— فائل فوٹو: یو ایس نیول فورسز سینٹرل کمانڈ

جنوبی کوریا کے ساحلی شہر بوسان میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز اور جنوبی کوریا کی نیول بیس کی غیرقانونی ڈرون فوٹیج بنانے کے الزام میں 2 چینی طلبہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بوسان میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے دونوں افراد بین الاقوامی طلبہ ہیں اور انہیں بدھ کو جنوبی کوریا کے عسکری مفادات کو نقصان پہنچانے اور فوجی اڈوں اور تنصیبات کے تحفظ کے قانون کی خلاف ورزی کے الزامات میں گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ کسی غیر ملکی کو ایسے الزامات میں حراست میں لیا گیا ہو۔

بوسان پولیس کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’دو چینی افراد کو کل ایک نیول بیس اور امریکی طیارہ بردار جہاز کی غیرقانونی فلم بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا‘، انہوں نے مزید بتایا کہ ’تیسرا چینی شہری بھی زیرِ تفتیش ہے، تاہم اسے گرفتار نہیں کیا گیا‘۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست افراد کی عمریں 30 سے 40 سال کے درمیان ہیں، جنہوں نے ڈرون اور موبائل فونز کے ذریعے ’ریپبلک آف کوریا فلیٹ کمانڈ‘ کی غیرقانونی فلم بندی کی، جو جنوبی کوریا کی بحریہ کے آپریشن اور تربیت کا ذمہ دار ادارہ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان پر امریکی طیارہ بردار جہاز ’یو ایس ایس تھیوڈور روزویلٹ‘ کی بھی غیر مجاز فلم بندی کا الزام ہے، جو بوسان میں مشترکہ مشقوں کے سلسلے میں لنگرانداز تھا، پولیس کے مطابق مارچ 2023 سے جون 2024 کے درمیان یہ لوگ 9 مرتبہ ایسی فلم بندی کر چکے تھے۔

ان کی تازہ ترین سرگرمی 25 جون 2024 کو ہوئی، جب اس وقت کے صدر یون سوک یول نے جہاز کا دورہ کیا اور کورین و امریکی فوجیوں سے ملاقات کی۔

پولیس کے مطابق، ضبط شدہ مواد میں 172 تصاویر اور 22 ویڈیو فائلز شامل ہیں، جن میں سے کچھ کو بغیر اجازت ٹک ٹاک سمیت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کیا گیا۔

بوسان پولیس نے مزید بتایا کہ استعمال کیے گئے ڈرونز ایک چینی کمپنی کے تیار کردہ تھے، جن کے استعمال سے قبل صارفین کو کمپنی کی ایپ پر رجسٹریشن کرنی ہوتی ہے، رجسٹریشن کے دوران تمام ڈیٹا مبینہ طور پر چین میں واقع سرورز پر منتقل کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جنوبی کوریا نے چینی ای کامرس کمپنی ’ٹیمو‘ پر تقریباً 10 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا تھا، کیونکہ کمپنی نے کورین صارفین کا ذاتی ڈیٹا غیرقانونی طور پر چین اور دیگر ممالک کو منتقل کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025