پاکستان کا فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں بدترین تشدد پر تشویش کا اظہار
پاکستان نے تشدد کا شکار افراد کے عالمی دن کے موقع پر غیر ملکی قابض طاقتوں کی جانب سے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ’بدترین تشدد‘ کے خلاف تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ڈان ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق تشدد کا شکار افراد کے عالمی دن کے موقع پر دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 2019 میں غیر قانونی الحاق کے بعد سے قابض بھارتی فوج کی جانب سے کشمیری عوام پر منظم تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی متعدد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
پاکستان کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق خودارادیت کے حق کے حصول تک سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
دفترخارجہ کے بیان کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فورسز نے سال 2023 سے اب تک بدترین کارروائیوں کے دوران 56 ہزار 156 فلسطینیوں کو شہید اور 1 لاکھ 32 ہزار 239 افراد کو زخمی کیا۔
انسانی حقوق کے نگراں ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ اسرائیلی فوج کی قید میں موجود فلسیطینوں کو ’بدترین‘ ظلم و ستم کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان غیر ملکی قبضوں کے دوران ظلم و تشدد کے وسیع اور منظم استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
دفترخارجہ کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ علاقے اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقوں کے عوام کے حق خودارادیت کو دبانے کے لیے قابض طاقتوں کی جانب سے انھیں تشدد، ظالمانہ، غیر انسانی اور توہین آمیز سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان دنیا بھر میں تشدد کا شکار افراد کے ساتھ کھڑا اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مذہب اسلام ہر انسان کی عزت نفس اور وقار کو یقنی بناتا ہے، پُر تشدد، ظالمانہ، غیر انسانی یا توہین آمیز سلوک کا کوئی بھی عمل اسلامی تعلیمات کا بنیادی جزو انصاف، رحم اور ہمدردی کی اقدار کے خلاف ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان میں احتساب اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانے کے لیے قانونی اصلاحات، ادارہ جاتی تحفظ اور نگرانی کے مربوط نظام کو مستحکم بنایا جارہا ہے۔ ساتھ ہی تشدد کے متاثرہ افراد کو طبی، قانونی اور نفسیاتی معاونت فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ وہ ان قابض طاقتوں کے جاری جرائم کی مذمت کرے اور انہیں جوابدہ ٹھہرائے، نیز تشدد اور ظلم کا شکار ہونے والوں کی مشکلات کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 26 جون کو تشدد کے شکار افراد کے عالمی دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ دن 1987 میں اقوام متحدہ کے ’کنونشن اگینسٹ ٹارچر اینڈ ادر کرویل، ان ہیومن اور ڈیگریڈنگ ٹریٹمنٹ اینڈ پنشمنٹ‘ کے نفاذ کی یاد دلاتا ہے۔
یہ دن تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول اقوام متحدہ کے رکن ممالک، سول سوسائٹی اور افراد کے لیے دنیا بھر میں تشدد کا شکار ہونے والوں اور آج بھی تشددکی زد میں آنے والوں کی حمایت میں یکجا ہونے کا موقع ہے۔












لائیو ٹی وی