• KHI: Partly Cloudy 18.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 18.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 14.4°C

کراچی: 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش سرجانی میں ہوئی، آج بھی بادل برسنے کا امکان

شائع June 29, 2025
ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ پر بھی بارش کا پانی جمع ہے
—فوٹو: عثمان احمد
ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ پر بھی بارش کا پانی جمع ہے —فوٹو: عثمان احمد

کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات نے اعداد و شمار جاری کردیے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق سعدی ٹاؤن میں 47.5، گلشنِ معمار میں 37.4، گلشنِ حدید میں 37، شارع فیصل پر 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح نارتھ کراچی میں 29.8 ، جناح ٹرمینل 29.2، ڈیفنس 25.5، کورنگی 25.2، یونیورسٹی روڈ پر 24 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

یاد رہے کہ کراچی میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب حالیہ مون سون سیزن کی پہلی بارش کا آغاز ہوا تھا، جس کے بعد ہفتے کی رات تک یہ سلسلہ جاری رہا، تاہم اتوار کی صبح بعض علاقوں سے بادل چھٹ گئے، اور سورج کی کرنیں نکل آئی تھیں، تاہم محکمہ موسمیات نے آج پھر کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

کراچی کی سڑکوں پر پانی موجود

کراچی میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں پانی سڑکوں پر اب بھی موجود ہے، جس کے باعث سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔

یونیورسٹی روڈ، کورنگی کراسنگ اٹک پیٹرول پمپ کے اطراف بارش کا پانی جمع ہے، اسی طرح اورنگی، سرجانی، ناگن چورنگی کی سڑکوں پر بھی بارش کا پانی تاحال جمع ہے۔

گلستان جوہر میں پہلوان گوٹھ روڈ، حبیب یونیورسٹی سے صفورا جانے والی سڑک پر بھی پانی موجود ہے، بعض مقامات پر کیچڑ کی وجہ سے موٹرسائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز میں پانی جمع ہے، سندھ حکومت

ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ کراچی کی تمام بڑی سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے, جماعت اسلامی کے چیئرمینز کے 9 ٹاؤنز میں ٹوٹی سڑکوں نے تباہی مچادی ہے، حافظ نعیم الرحمٰن اپنے ٹاؤن چئیرمینز کے غائب ہونے کا فوری نوٹس لیں۔

سعدیہ جاوید نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی میں 15 جون سے نالوں کی صفائی کا عمل شروع ہو چکا تھا، محکمہ موسمیات کے مطابق اس بار مون سون قبل از وقت شروع ہوا ہے، جماعت اسلامی بھول جاتی ہے کہ شہر میں 9 ٹاؤنز اس کے پاس بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منعم ظفر صاحب چھوٹے نالے صاف کرنا ٹاؤن کی ذمہ داری ہے، جماعت اسلامی کے ٹاؤن ناظمین نے گیس لائن کے نام پر شہر کھود دیا ہے، ماڈل کالونی، گلشن اقبال اور نیو کراچی میں ٹوٹی سڑکوں نے تباہی مچادی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ماڈل کالونی اورگلشن اقبال کی گلیوں میں دھنسی گاڑیاں جماعت اسلامی کی کارکردگی بیان کررہی ہیں، نارتھ ناظم آباد کے عوام بھی جماعت اسلامی کے ٹاؤن چئیرمین کو ڈھونڈ رہے ہیں، ڈسٹرکٹ سینٹرل کی تمام مرکزی سڑکوں پر پانی نہیں پرگلیاں تالاب ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025