دریائے سوات میں ڈوبنے والے ایک اور نوجوان کی لاش مل گئی، مرنے والوں کی تعداد 12 ہوگئی
دریائے سوات میں سیلابی ریلے میں بہنے والے لاپتا افرادکی تلاش تیسرے روز بھی جاری ہے، ریسکیو اہلکاروں نے ایک اور نوجوان کی لاش نکال لی، جس کے بعد ریلے سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد 12 ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق مردان سے تعلق رکھنے والے نوجوان دانیال کی لاش نکالی گئی، یہ دریا میں کئی افراد کے ڈوبنے کے حادثے کے بعد برآمد ہونے والی 12ویں لاش ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک کم از کم 19 افراد جاں بحق اور 6 دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال فیضی کے مطابق بچے کی لاش چارسدہ سے برآمد کر کے اسپتال منتقل کی گئی، اسے ایمبولینس کے ذریعے اس کے آبائی علاقے منتقل کیا جائے گا، ایک شخص اب بھی لاپتہ ہے اور تلاش کا عمل جاری ہے۔
بلال فیضی کے مطابق جمعہ کے روز شدید بارشوں کے باعث سوات اور ملاکنڈ ڈویژنز کے کئی علاقوں میں آنے والے طوفانی سیلاب کے نتیجے میں مجموعی طور پر 17 افراد لاپتہ ہوئے تھے۔
چار افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جب کہ 11 لاشیں برآمد ہوئیں، آج 12ویں لاش بھی مل گئی ہے، اور اب صرف ایک شخص لاپتہ ہے۔
علاوہ ازیں، 2 روز قبل لوئر دیر میں سیلابی دریا میں ڈوبنے والے نوجوان کی لاش بھی چارسدہ سے برآمد ہوئی ہے۔
ابلال فیضی نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم گزشتہ 2 دن سے مسلسل تلاش کر رہی تھی، جس کے بعد لاش برآمد ہوئی۔
مزید بارشوں اور سیلاب کا امکان
پی ڈی ایم اے کے بیان کے مطابق، آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
سوات، چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں اور وزیرستان میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، دریائے سوات ، دریائے پنجکوڑہ اور معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھنے کا امکان ہے۔
جب کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں دریائے کابل میں نچلے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔
اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں سیلاب کا خطرہ ہے، پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیموں کو تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات اور شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے، قومی و صوبائی شاہراہوں پر سفر کرنے والے افراد کو احتیاط برتنے، اور متبادل راستے بنانے کی ہدایت بھی دی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری سیلاب سے بچنے کے لیے ندی نالوں اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔
عوام سے کہا گیا ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں، جب کہ اداروں کو مقامی زبانوں میں موسم کی خبروں کی فراہمی کی ہدایت دی گئی۔
کسانوں کو فصلیں جلد کاٹ کر محفوظ مقامات پر رکھنے اور مویشی پالنے والوں کو جانوروں کی حفاظت کے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشنز سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع 1700 پر دیں۔












لائیو ٹی وی